ایف بی آر کا 8 سے 10 اگست تک سسٹم مینٹی ننس کا اعلان، متعدد آن لائن خدمات عارضی طور پر بند رہیں گی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آن لائن سسٹم مینٹی ننس کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتہ 8 اگست کی رات 12:30 بجے سے پیر 10 اگست کی صبح 5:00 بجے تک مختلف آن لائن خدمات عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گی۔

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آن لائن سسٹم مینٹی ننس کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتہ 8 اگست کی رات 12:30 بجے سے پیر 10 اگست کی صبح 5:00 بجے تک مختلف آن لائن خدمات عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گی۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اس دوران آئی آر آئی ایس (IRIS)، ڈیجیٹل انوائسنگ، ادائیگی کا نظام (پیمنٹ سسٹم)، سنکرونائزڈ ودہولڈنگ ایڈمنسٹریشن اینڈ پیمنٹ سسٹم (SWAPS) اور پی او ایس رجسٹریشن سمیت متعدد خدمات معطل رہیں گی۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سسٹم مینٹی ننس کے دوران ٹیکس دہندگان اور دیگر صارفین ان خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور نہ ہی ان سے متعلق کوئی فائلنگ، ادائیگی، رجسٹریشن یا دیگر آن لائن ٹرانزیکشن انجام دے سکیں گے۔ ایف بی آر نے تمام ٹیکس دہندگان، کاروباری اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تمام اہم ٹیکس فائلنگ، ادائیگیاں، رجسٹریشن اور دیگر ضروری امور مقررہ مینٹی ننس سے قبل مکمل کر لیں تاکہ کسی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔

ایف بی آر کے مطابق تکنیکی کام مکمل ہوتے ہی تمام آن لائن خدمات فوری طور پر بحال کر دی جائیں گی۔ ادارے نے اس دوران ہونے والی ممکنہ زحمت پر معذرت کرتے ہوئے ٹیکس دہندگان اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے تعاون کی اپیل کی ہے۔