وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ ایف جی ای ایچ اے کے مختلف ہائوسنگ منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے، الاٹیز کو پلاٹس کا قبضہ فراہم کرنے اور زیر التواء منصوبوں کی تکمیل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، ویٹنگ لسٹ میں موجود الاٹیز کے لیے نئی ہائوسنگ ا سکیمیں متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے۔
ایف جی ای ایچ اے کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا، وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ ایف جی ای ایچ اے کے مختلف ہائوسنگ منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے، الاٹیز کو پلاٹس کا قبضہ فراہم کرنے اور زیر التواء منصوبوں کی تکمیل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، ویٹنگ لسٹ میں موجود الاٹیز کے لیے نئی ہائوسنگ ا سکیمیں متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کو وزارت ہائوسنگ و تعمیرات میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے ایگزیکٹو بورڈ کے 52ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ہائوسنگ و تعمیرات کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد محمود، ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ریٹائرڈ) ظفر اقبال اور بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں ایف جی ای ایچ اے کے جاری ہائوسنگ منصوبوں، حالیہ پیش رفت، حالیہ کامیاب نیلامی اور مستقبل کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے ایف جی ای ایچ اے کی حالیہ کامیاب نیلامی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی کی مسلسل محنت کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور سرمایہ کاروں کی جانب سے ایف جی ای ایچ اے پر اعتماد کا اظہار خوش آئند ہے۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق وزارت ہائوسنگ و تعمیرات اور ایف جی ای ایچ اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سیکرٹری ہائوسنگ و تعمیرات اور ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کو حالیہ کامیاب نیلامی پر مبارکباد دی۔
میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ ایف جی ای ایچ اے کے مختلف منصوبے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں جن میں سیکٹر ایف-14، ایف-15، ڈی ایچ اے کے ساتھ مشترکہ منصوبہ مارگلہ آرچرڈ اور دیگر ہائوسنگ منصوبے شامل ہیں۔ ان منصوبوں کو مزید موثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جن الاٹیز کو پلاٹس الاٹ ہو چکے ہیں، انہیں ترقیاتی کاموں میں مزید پیش رفت کے ساتھ جلد از جلد پلاٹس کا قبضہ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جبکہ ویٹنگ لسٹ میں موجود الاٹیز کے لیے نئی ہائوسنگ سکیمیں متعارف کرانے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ اور وفاقی وزیر برائے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد خان چیمہ کی خدمات کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ انہوں نے نیشنل ہائوسنگ پالیسی کی تیاری اور وزارت ہائوسنگ و تعمیرات سے متعلق اہم امور اور مسودات کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وزارت ہائوسنگ و تعمیرات اور ایف جی ای ایچ اے باہمی تعاون سے جاری ہائوسنگ منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے، نئے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے، الاٹیز کو بروقت سہولیات فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھیں گے۔








