فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ اور ایس ایم تنویر پیٹرن ان چیف یو بی جی نے پاکستان بھر کے تجارتی اداروں کے لیے رکنیت کی تجدید کی آخری تاریخ میں تین ہفتوں تک توسیع کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے
ایف پی سی سی آئی اور یو بی جی تجارتی اداروں کیلئے رکنیت کی تجدید کی آخری تاریخ میں توسیع کا خیرمقدم کرتے ہیں، عاطف اکرام شیخ
اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ اور ایس ایم تنویر پیٹرن ان چیف یو بی جی نے پاکستان بھر کے تجارتی اداروں کے لیے رکنیت کی تجدید کی آخری تاریخ میں تین ہفتوں تک توسیع کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور اس اہم اقدام پر ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اس سے قبل تمام تجارتی اداروں کے لیے اصل رکنیت کی تجدید کی آخری تاریخ 31 مارچ 2026ء تھی۔ چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کو درپیش چیلنجز خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے اور اس کے بعد عید کی تعطیلات میں کام کے اوقات میں کمی کی وجہ سے ایف پی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر توسیع کی درخواست کی ہے۔نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون خان ، چیئرمین کیپٹل ہائوس کریم عزیز ملک اور چیئرمین کوآرڈینیشن ایف پی سی سی آئی و صدر حافظ آباد چیمبر ملک سہیل حسین کی جانب سے اس درخواست پر سرگرمی سے پیروی کی اور نوٹیفکیشن کا اجراء ممکن بنایا۔
صورتحال کا بغور جائزہ لینے کے بعد ڈی جی ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) نے توسیع کی منظوری دے دی، تجارتی اداروں کو اپنی رکنیت کی تجدید مکمل کرنے کے لیے مزید تین ہفتے کا وقت دیا، نئی ڈیڈ لائن اب20 اپریل 2026ء مقرر کی گئی ہے۔عاطف اکرام شیخ اور ایس ایم تنویر نے اس بروقت فیصلے پر ڈی جی ٹی او کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس توسیع سے ملک بھر کے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کو نمایاں ریلیف ملے گا جس سے وہ تجدید کے عمل کو موثر طریقے سے مکمل کر سکیں گے۔
انہوں نے اس اہم ترین مسئلہ پر ذاتی توجہ دینے پر ڈی جی ٹی او کی تعریف کی۔ فیڈریشن کے صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم پاکستان کی تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کے لیے وقف ہے۔









