ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ 9ویں ایشیا پیسیفک ینگ انٹرپرینیور ایوارڈکیلئے منتخب

ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ 9ویں ایشیا پیسیفک ینگ انٹرپرینیور ایوارڈکیلئے منتخب

کراچی۔ 30 ستمبر (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ کو بین الا قوامی 9ویں ایشیا پیسیفک ینگ انٹرپرینیور ایوارڈ 2026 کیلئے باضابطہ طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔بدھ کو ایف پی سی سی آئی کے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ ممتاز بین الاقوامی اعزاز کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی اے سی سی آئی )کی جانب سے دیا جاتا ہے، جو علاقائی تجارت، کاروبار اور صنعت کے فروغ میں نمایاں قیادت اور اہم کردار کو سراہتا ہے۔

اس اعلان کو عالمی سطح پر پاکستان کیلئے ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے، جو ملک کے کاروباری اورکمرشل شعبہ جات کی صلاحیتوں اور مسابقتی حیثیت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس ایوارڈ کیلئے عاطف اکرام شیخ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے نامزد کیا تھا اور ایف پی سی سی آئی نے اس کی توثیق کی تھی ۔پاکستان بھر کی کاروباری برادری نے اس اہم کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے عاطف اکرام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

یہ ایوارڈ 40ویں(سی اے سی سی آئی )کانفرنس کے موقع پر ایک خصوصی تقریب میں عاطف اکرام شیخ کو باضابطہ طور پر پیش کیا جائے گا۔بین الاقوامی کاروباری رہنماؤں اور تجارتی وفود کا یہ اہم اجتماع 4 اور 5 نومبر 2026 کو فلپائن کے شہر منیلا کے ہوٹل اوکاڈا میں منعقد ہوگا، جہاں 5 نومبرکو عاطف اکرام شیخ کو یہ ممتاز بین الاقوامی اعزاز دیا جائے گا۔