ایف پی سی سی آئی کے وفد کی سیکرٹری داخلہ سے ملاقات،امن و امان کی صورتحال اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی

لاہور۔21اپریل (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت نائب صدر ایف پی سی سی آئی ذکی اعجاز نے کی جبکہ چیئرمین آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن طارق محمود اور ایف پی سی سی ریجنل سیکرٹری ربیعہ ڈار بھی انکے ہمراہ تھیں۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ موجودہ علاقائی صورتحال میں عوام کو معیاری پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بھی زیر بحث آئی۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ حکومت پنجاب سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے محفوظ ماحول فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ پنجاب میں منشیات، ناجائز اسلحے اور جرائم کے خلاف موثر کریک ڈائون جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب فرانزک سائنس کیلئے جدید آلات کی خریداری کیساتھ سائنسدانوں کی بھرتیاں اور تربیت بھی کروا رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ ماڈرن آلات اور تربیت سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد میں اضافہ کر رہے ہیں۔ اسی طرح جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب نے جیل ریفارمز کے تحت قیدیوں کی بحالی اور فنی تربیت کے متعدد پروگرام متعارف کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں تمام ان پڑھ اسیران کو خواندہ بنایا جا رہا ہے۔ اسی طرح پنجاب کی جیلوں میں نجی شعبے کے اشتراک سے انڈسٹریز قائم کی جاچکی ہیں جہاں قیدی ہنر سیکھ رہے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی وفد نے پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی تیار کردہ مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ نائب صدر ذکی اعجاز کا کہنا تھا کہ فنی تربیت کے ذریعے قیدیوں کی بحالی اور ہنر مندی قابل ستائش ہے اور فیڈریشن اسیران کی تیار کردہ معیاری مصنوعات کو مارکیٹ کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی اصلاح و بحالی کیلئے ادارہ جاتی کاوشوں کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ صوبہ بھر میں امن و امان کے قیام کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔