ایم -6 کے لیے اراضی کا حصول سو فیصد مکمل، 15.26 ارب روپے کی ادائیگیاں

سکھر-حیدرآباد موٹروے (ایم-6) منصوبے کے لیے اراضی کے حصول کا عمل سو فیصد تک پہنچ گیا ہےجبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے تقریباً 15.26 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ یہ بات ویلتھ پاکستان کودستیاب تازہ ترین سرکاری اعدادوشمار میں بتائی گئی ہے۔اراضی کے حصول کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق 306 کلومیٹر طویل موٹروے کے لیے سندھ کے سات اضلاع میں 7,548 ایکڑ …

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):سکھر-حیدرآباد موٹروے (ایم-6) منصوبے کے لیے اراضی کے حصول کا عمل سو فیصد تک پہنچ گیا ہےجبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے تقریباً 15.26 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ یہ بات ویلتھ پاکستان کودستیاب تازہ ترین سرکاری اعدادوشمار میں بتائی گئی ہے۔اراضی کے حصول کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق 306 کلومیٹر طویل موٹروے کے لیے سندھ کے سات اضلاع میں 7,548 ایکڑ اراضی درکار ہے۔ مجموعی ضرورت میں 1,026 ایکڑ سرکاری اور 6,522.26 ایکڑ نجی اراضی شامل ہے۔اعدادوشمار کے مطابق تقریباً 6,522 ایکڑ نجی اراضی کے ایوارڈز کیے جا چکے ہیں جبکہ تقریباً 6,522 ایکڑ اراضی کا انتقال بھی مکمل ہو چکا ہے۔ضلع وار اعدادوشمار کے مطابق خیرپور میرس میں سب سے زیادہ اراضی درکار ہے، جہاں 76 کلومیٹر طویل سیکشن کے لیے 1,877 ایکڑ زمین کی ضرورت ہے۔

اس میں 88 ایکڑ سرکاری اور 1,789 ایکڑ نجی اراضی شامل ہے۔ ضلع میں این ایچ اے کی ادائیگیاں 4.076 ارب روپے ہیں۔مٹیاری میں 70 کلومیٹر طویل سیکشن کے لیے 1,729 ایکڑ اراضی درکار ہے، جس میں 100 ایکڑ سرکاری اور 1,629 ایکڑ نجی اراضی شامل ہے۔ این ایچ اے کی ادائیگیاں تقریباً 4.093 ارب روپے ہیں۔منصوبے کا ایک اور بڑا حصہ نوشہرو فیروز میں واقع ہے، جہاں 64 کلومیٹر طویل سیکشن کے لیے 1,581 ایکڑ اراضی درکار ہے۔ اس میں 87 ایکڑ سرکاری اور 1,494.26 ایکڑ نجی اراضی شامل ہے۔ یہاں ادائیگیاں تقریباً 3.619 ارب روپے تک پہنچ چکی ہیں۔شہید بینظیرآباد میں منصوبے کے 59 کلومیٹر طویل سیکشن کے لیے 1,457 ایکڑ اراضی درکار ہے، جس میں 80 ایکڑ سرکاری اور 1,377 ایکڑ نجی اراضی شامل ہے۔

یہاں ادائیگیاں تقریباً 3.029 ارب روپے ہیں۔جامشورو میں 23 کلومیٹر طویل سیکشن کے لیے 568 ایکڑ اراضی درکار ہے، جس میں 464 ایکڑ سرکاری اور 104 ایکڑ نجی اراضی شامل ہے۔ این ایچ اے کی ادائیگیاں 21.85 ملین روپے ہیں۔حیدرآباد میں 12 کلومیٹر طویل سیکشن کے لیے 296 ایکڑ اراضی درکار ہے، جس میں 194 ایکڑ سرکاری اور 102 ایکڑ نجی اراضی شامل ہے جبکہ ادائیگیاں 321.135 ملین روپے ہیں۔سکھر میں دو کلومیٹر طویل سیکشن کے لیے 40 ایکڑ اراضی درکار ہے، جس میں 13 ایکڑ سرکاری اور 27 ایکڑ نجی اراضی شامل ہے۔

یہاں ادائیگیاں 99.792 ملین روپے ہیں۔تازہ ترین صورتحال کی رپورٹ میں اراضی کے حصول کی مجموعی پیش رفت 100 فیصد بتائی گئی ہے۔ تاہم جدول میں الگ سے 79 ایکڑ اراضی کے ایوارڈ اور انتقال کا عمل جاری دکھایا گیا ہے، جس میں حیدرآباد کے آٹھ ایکڑ، مٹیاری کے 51 ایکڑ اور خیرپور میرس کے 20 ایکڑ شامل ہیں۔دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انٹرچینجز، سروس ایریاز اور ریسٹ ایریاز کے لیے 713.30 ایکڑ اراضی درکار ہے، تاہم دستیاب معلومات میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہ رقبہ مجموعی طور پر درکار 7,548 ایکڑ اراضی میں شامل ہے یا نہیں۔

 

مزید خبریں