این بی ایف کے زیرِ اہتمام شعراء ناصر کاظمی، منیر نیازی، امجد اسلام امجد اور محسن نقوی کی ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ادبی نشست 2 اکتوبر کو ہو گی

این بی ایف کے زیرِ اہتمام شعراء ناصر کاظمی، منیر نیازی، امجد اسلام امجد اور محسن نقوی کی ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ادبی نشست 2 اکتوبر کو ہو گی

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):نیشنل بُک فاؤنڈیشن (این بی ایف ) کے زیرِ اہتمام اردو ادب کے چار ممتاز شعراء ناصر کاظمی، منیر نیازی، امجد اسلام امجد اور محسن نقوی کی ادبی خدمات اور فکری ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ’’یادوں کی پُروائی‘‘ کے عنوان سے خصوصی ادبی نشست 2 اکتوبر 2026ء جمعہ سہ پہر 3 بجے نیشنل بُک فاؤنڈیشن، 45 بک سینٹر، نزد ٹیلی فون ایکسچینج، مصطفیٰ ٹاؤن، لاہور میں منعقد ہوگی۔

معروف شاعر غلام حسین ساجد کی صدارت میں منعقد ہونے والی اس نشست میں اہلِ علم و ادب ان چاروں شعرا کی شعری خدمات، فکری جہات، ادبی اثرات اور ان سے وابستہ یادوں کے حوالے سے اظہارِ خیال کریں گے۔ تقریب میں اردو شاعری کے ان نمایاں ناموں کے تخلیقی سفر اور ادب پر ان کے اثرات کو مختلف پہلوؤں سے اجاگر کیا جائے گا جبکہ پروگرام میں غزل گائیکی بھی پیش کی جائے گی۔

ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر نیشنل بُک فاؤنڈیشن مراد علی مہمند نے ’’اے پی پی ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یادوں کی پُروائی‘‘ کے ذریعے اردو شاعری کے ان چار اہم ناموں کی ادبی خدمات اور فکری جہات کو نئی نسل کے سامنے اجاگر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ نوجوان قارئین اور ادب کے شائقین ان کے تخلیقی ورثے سے مزید واقف ہو سکیں اور اردو ادب سے ان کا تعلق مضبوط ہو۔تقریب کے افتتاحی کلمات نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران جہانگیر ادا کریں گے جبکہ ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر مراد علی مہمند کلماتِ تشکر پیش کریں گے۔ ادبی نشست سے ڈاکٹر شاہدہ دلاور شاہ، ڈاکٹر صائمہ ارم، ڈاکٹر شاہد اشرف اور سعدیہ قریشی اظہارِ خیال کریں گی۔

پروگرام میں ثانیہ شیخ اور زاہد ہاشمی غزل گائیکی پیش کریں گے جبکہ اریج فاطمہ نظامت کے فرائض انجام دیں گی۔نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے مطابق ایسی ادبی نشستوں کا مقصد اردو ادب کی اہم شخصیات کی تخلیقی خدمات کو نئی نسل کے سامنے اجاگر کرنا اور بامعنی ادبی مکالمے کے ذریعے مطالعہ اور ادب کی روایت کو فروغ دینا ہے۔ نیشنل بُک فاؤنڈیشن نے اہلِ علم و ادب، ادیبوں، شاعروں، اساتذہ، طلبہ اور ادب سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

مزید خبریں