این سی سی آئی اے راولپنڈی کا غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ، 61 ملزمان گرفتار

این سی سی آئی اے راولپنڈی سرکل نے غیر قانونی فارن لون ریکوری سکیم میں ملوث غیر قانونی کال سینٹر پر کامیاب چھاپہ مار کر 61 ملزمان کو گرفتار کر لیا، قبضے سے 71 موبائل فونز اور 155 لیپ ٹاپس برآمد کر لیے گئے۔ترجمان کے مطابق این سی سی آئی اے راولپنڈی سرکل کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ راولپنڈی کے علاقے کمرشل مارکیٹ سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک …

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):این سی سی آئی اے راولپنڈی سرکل نے غیر قانونی فارن لون ریکوری سکیم میں ملوث غیر قانونی کال سینٹر پر کامیاب چھاپہ مار کر 61 ملزمان کو گرفتار کر لیا، قبضے سے 71 موبائل فونز اور 155 لیپ ٹاپس برآمد کر لیے گئے۔ترجمان کے مطابق این سی سی آئی اے راولپنڈی سرکل کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ راولپنڈی کے علاقے کمرشل مارکیٹ سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک غیر قانونی کال سینٹر قائم ہے جہاں سے بیرونِ ملک شہریوں کو غیر قانونی قرضوں کی وصولی کے نام پر ڈرا دھمکا کر ہراساں کیا جا رہا ہے۔

اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹیم تشکیل دے کر چھاپہ مارا گیا، کارروائی کے دوران 61 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، ان کے قبضے سے 71 موبائل فونز اور 155 لیپ ٹاپس برآمد کر لیے گئے، تمام ڈیجیٹل آلات اور ڈیٹا کو فرانزک تجزیے کے لیے قبضے میں لے لیا گیا ۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان جعلی ریکوری ایجنٹس بن کر غیر ملکی شہریوں کو دھمکیاں دے کر رقوم بٹورتے تھے جس سے نہ صرف شہریوں کو شدید ذہنی اذیت پہنچ رہی تھی بلکہ ملک کی ساکھ بھی متاثر ہو رہی تھی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش اور تکنیکی تجزیہ جاری ہے۔

اس موقع پر ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کال سینٹرز ملک کی ساکھ اور عوام کے اعتماد کے لیے بڑا خطرہ ہیں،این سی سی آئی اے سائبر کرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، غیر قانونی کال سینٹرز اور سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے، شہری کسی بھی سائبر جرم کی اطلاع سائبر ہیلپ لائن 1799 پر دیں یا قریبی این سی سی آئی اے سرکل میں رپورٹ درج کروائیں۔