این سی سی آئی اے لاہور کی گلبرگ میں کارروائی، 3 جعلی کال سینٹرز پر چھاپے، غیر ملکیوں کو لوٹنے والے 59 ملزمان گرفتار
این سی سی آئی اے لاہور کی گلبرگ میں کارروائی، 3 جعلی کال سینٹرز پر چھاپے، غیر ملکیوں کو لوٹنے والے 59 ملزمان گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے گلبرگ کے علاقے میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 جعلی کال سینٹرز پر چھاپے مار کر غیر ملکی شہریوں کو مالیاتی فراڈ کا نشانہ بنانے والے 59 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار کئے گئے افراد میں 52 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں۔ چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 61 لیپ ٹاپس، 21 کمپیوٹر سسٹمز اور 52 موبائل فونز برآمد کر کے قبضے میں لے لئے گئے۔
ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ یہ گینگ منظم طریقے سے غیر ملکی شہریوں کو موبائل فونز کی جعلی اپ گریڈیشن اور سستے پیکجز کا جھانسہ دے کر لوٹتا تھا۔ اس کے علاوہ ملزمان جعلی ایپلی کیشن پر رجسٹرڈ ریسٹورنٹس کا حساس ڈیٹا ہیک کر کے ان کی ہفتہ وار ادائیگیاں اپنے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں منتقل کر لیتے تھے۔ لوٹی گئی رقم کی منتقلی کے لیے آن لائن ٹریڈنگ اور مختلف منی ٹرانسفر ایپس کا سہارا لیا جاتا تھا، جس کے باعث ملکی ڈیجیٹل ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سائبر فراڈ، ڈیٹا چوری اور ڈیجیٹل جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن کا سلسلہ بھرپور قوت سے جاری رکھا جائے گا۔







