این سی سی آئی اے کا اجلاس،غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے مالی فراڈ اور دیگر سائبر جرائم میں ملوث غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔اتوار کو این سی سی آئی اے کے اہلکار کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر اسلام آباد محمد شعیب خان کے ہمراہ اجلاس کی صدارت …

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے مالی فراڈ اور دیگر سائبر جرائم میں ملوث غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔اتوار کو این سی سی آئی اے کے اہلکار کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر اسلام آباد محمد شعیب خان کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی جس میں غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے پر زور دیا گیا۔

اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کال سینٹرز کی نشاندہی کی جائے اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کال سینٹرز چلانے میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہریوں کو مالی فراڈ، آن لائن دھوکہ دہی اور دیگر سائبر جرائم سے محفوظ رکھنا این سی سی آئی اے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مربوط حکمت عملی کےتحت کام کریں، عوامی شکایات پر فوری توجہ دیں اور جاری تحقیقات و کارروائیوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کوششیں تیز کریں۔ڈائریکٹر جنرل نے اس امر پر زور دیا کہ غیرقانونی کال سینٹرز کے ذریعے سائبر جرائم میں ملوث عناصر سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر تحقیقات اور بروقت قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔