نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی نےایک اہم کارروائی کے دوران سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت اور ویزوں کا جھانسا دے کر لوٹنے والے منظم آن لائن فراڈ گینگ کے 6 کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
این سی سی آئی اے کی بڑی کارروائی، آن لائن ویزا فراڈ گینگ کے 6 ملزمان گرفتار

مزید خبریں
راولپنڈی۔12اکتوبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی نےایک اہم کارروائی کے دوران سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت اور ویزوں کا جھانسا دے کر لوٹنے والے منظم آن لائن فراڈ گینگ کے 6 کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
این سی سی آئی اے راولپنڈی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نثار احمد خان نے میڈیا کو اس بڑی کامیابی کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے لیے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کارروائی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر غیر قانونی کال سینٹرز، چائلڈ پورنوگرافی اور سنگین سائبر جرائم کے خلاف جاری زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ایجنسی کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور جانفشانی سے کام لیتے ہوئے رات تقریباً دو بجے بروقت چھاپہ مار کر ان 6 ملزمان کو حراست میں لیا اور ان کے قبضے سے اہم ریکوریز بھی کی ہیں۔ گرفتار ملزمان شہریوں کو ویزوں کا لالچ دے کر بھاری رقوم بٹورتے تھے اور خود کو رجسٹرڈ ایجنسی ظاہر کرتے تھے جبکہ ان کے پاس کوئی قانونی اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔ایڈیشنل
ڈائریکٹر نثار احمد خان نے اسلام آباد میں حال ہی میں پیش آنے والے اندوہناک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں آن لائن فراڈ کے نتیجے میں ایک لڑکی نے خودکشی کر لی تھی، کہا کہ گرفتار شدہ گروہ بھی بالکل اسی طرز پر لوگوں کو آن لائن لوٹ کر خوف و ہراس اور مایوسی پھیلا رہا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو لوٹنے والے ایسے تمام عناصر اور نیٹ ورکس کے خلاف سخت قانونی کریک ڈائون بلا تفریق جاری رہے گا۔







