این سی سی آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد

این سی سی آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سید علی ناصر رضوی کی ہدایات پر این سی سی آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔سائبر ہراسمنٹ، مالی فراڈ، فیک آئی ڈیز، بلیک میلنگ یا کسی بھی قسم کے سائبر کرائم کے شکار افراد کی شکایات پر عملدرآمد میں تاخیر کے باعث پریشانی کے شکار افراد کی داد رسی اور شکایات کے فوری ازالے کیلئے روازنہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

کھلی کچہری کا وقت روزانہ صبح 11 بجے سے 12 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ اس دوران متاثرہ شہری ڈی جی این سی سی آئی اے سے براہ راست ملاقات کر کے اپنے مسائل سے آگاہ کر سکتے ہیں اور ان کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈی جی این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے کا مقصد شہریوں کو سائبر کرائمز کے خلاف فوری اور مؤثر انصاف فراہم کرنا ہے۔

کھلی کچہری کے ذریعے شکایت کنندگان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،عوام الناس سے گزارش ہے کہ وہ اپنی شکایات اور ضروری دستاویزات کے ہمراہ مقررہ وقت پر این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر تشریف لائیں اور کسی بھی سائبر سے متعلق جرم کی اطلاع 1799 پر دیں۔