این ڈی ایم اے کی جانب سے بلوچستان اور پنجاب کے سیلاب زدگان کیلئے ہنگامی امداد کی فراہمی

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے بلوچستان،پنجاب سیلاب زدگان کیلئے ہنگامی امداد فراہم کی گئی ہے۔ لسبیلہ کے سیلاب متاثرین کے لئے رہائشی خیموں اور راشن بیگز فراہم کئے گئے ہیں ۔ متاثرین میں راشن پہنچانے کیلئے پاک فوج اور نیوی کے ہیلی کاپٹرز کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

موسم کی صورتحال بہتر ہونے پر ہیلی کاپٹر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیں گے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق راجن پور سیلاب زدگان کیلئے بھی راشن بیگز کی فراہمی کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں عیسی خیل ضلع میانوالی کے سیلاب متاثرین کے لئے راشن بیگز پی ڈی ایم اے پنجاب کے حوالے کر دئیے گئے ۔