ایوان بالا اور قومی اسمبلی کے اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد پیر 19 اکتوبر کو منعقد ہوں گے، جن میں سوالات، مختلف قومی امور پر بحث اور متعدد قانون سازی کے بلوں پر غور و منظوری دی جائے گی۔ سینیٹ کا اجلاس شام 4 بجے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے شروع ہوگا۔سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے پرائیویٹ ممبرز ڈے کے لیے 79 نکاتی ایجنڈا جبکہ قومی …
ایوان بالا وقومی اسمبلی کا اجلاس، پیر کو متعدد بل منظوری کے لیے پیش ہوں گے، سینیٹ کا 79 نکاتی ایجنڈا جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):ایوان بالا اور قومی اسمبلی کے اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد پیر 19 اکتوبر کو منعقد ہوں گے، جن میں سوالات، مختلف قومی امور پر بحث اور متعدد قانون سازی کے بلوں پر غور و منظوری دی جائے گی۔ سینیٹ کا اجلاس شام 4 بجے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے شروع ہوگا۔سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے پرائیویٹ ممبرز ڈے کے لیے 79 نکاتی ایجنڈا جبکہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے 17 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے۔سینیٹ اجلاس میں ارکان کی جانب سے مختلف بل پیش کیے جائیں گے۔ ایجنڈے میں فیملی کورٹس ایکٹ 1964ء، وفاقی پراسیکیوشن سروس ایکٹ 2023ء، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (ری آرگنائزیشن) ایکٹ 1996ء اور مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961ء میں ترامیم سے متعلق بل شامل ہیں۔
اجلاس میں اقراء گلوبل یونیورسٹی بل 2026ء، پاسپورٹس (ترمیمی) بل 2026ء اور اراکینِ پارلیمنٹ کی تنخواہوں و الاؤنسز سے متعلق ترمیمی بل سمیت قائمہ کمیٹیوں سے رپورٹ شدہ متعدد بلوں پر بھی غور کیا جائے گا۔ فوجداری قوانین، غیرت کے نام پر قتل کی روک تھام، سول سرونٹس ایکٹ، اسلام آباد میٹرو بس سروس اور امیگریشن قوانین میں ترامیم بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔سینیٹ میں ٹیکس پالیسی، آئی ایم ایف کی سفارشات کی روشنی میں مختلف شعبوں پر منصفانہ ٹیکس عائد کرنے، تنخواہ دار طبقے کو ٹیکسوں کے غیر متناسب بوجھ سے تحفظ دینے، حج پالیسی 2027ء تا 2030ء، ریلوے اراضی کی لیز و نیلامی میں شفافیت اور بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے سمیت اہم قومی امور پر بحث کی جائے گی۔ایجنڈے میں داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے متاثرین کی سماجی و معاشی ترقی، فرانزک سائنس کی استعداد کار میں اضافے، منشیات کی روک تھام اور انسدادِ منشیات فورس کو مضبوط بنانے سے متعلق قراردادیں بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان ایئر فورس کے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں داسو منصوبے کے متاثرین کی فلاح و بہبود سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوگا۔قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہیں۔ آسیہ ناز تنولی وزیر برائے داخلہ و انسدادِ منشیات کی توجہ اسلام آباد کے سیکٹرز آئی 10 اور آئی 11 کے درمیان سی ڈی اے کی جانب سے کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے باعث ماحولیاتی آلودگی، بدبو، زیرِ زمین پانی کی ممکنہ آلودگی اور صحتِ عامہ کو لاحق خطرات کی جانب مبذول کرائیں گی۔
اجلاس میں وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کمپنیز ایکٹ 2017ء میں ترمیم سے متعلق بل پیش کریں گے، جبکہ وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین صنعتی تعلقات ایکٹ 2012ء اور امیگریشن آرڈیننس 1979ء میں ترامیم سے متعلق بل پیش کریں گے۔اسی طرح کابینہ سیکریٹریٹ کے انچارج وزیر محفوظ شدہ دستاویزی مواد (تحفظ و برآمدی کنٹرول) ایکٹ 1975ء اور متروکہ املاک (انتظام و انصرام) ایکٹ 1975ء میں ترامیم سے متعلق بل قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں غور اور منظوری کے لیے پیش کریں گے۔وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی مراکزِ فضیلت ایکٹ 1974ء میں ترمیم سے متعلق بل جبکہ وزیر تجارت جام کمال خان لائف انشورنس (قومیانہ) فرمان 1972ء میں ترمیم سے متعلق بل ایوان میں پیش کریں گے۔دونوں ایوانوں میں جاری کردہ ایجنڈوں کے مطابق قانون سازی، قراردادوں اور دیگر پارلیمانی امور پر کارروائی کی جائے گی۔







