ایچ ای سی اور الیکشن کمیشن کے درمیان جامعات کے نصاب میں انتخابی تعلیم کو شامل کرنے اور نوجوانوں میں ووٹر آگاہی کے فروغ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

ایچ ای سی اور الیکشن کمیشن کے درمیان جامعات کے نصاب میں انتخابی تعلیم کو شامل کرنے اور نوجوانوں میں ووٹر آگاہی کے فروغ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے درمیان جامعات کے نصاب میں انتخابی تعلیم کو شامل کرنے اور نوجوانوں میں ووٹر آگاہی کے فروغ کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ تقریب کی صدارت قائم مقام چیف الیکشن کمشنر نے کی جس میں دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ مفاہمت کی یادداشت پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق اور الیکشن کمیشن کے سیکرٹری عمر حمید خان نے دستخط کئے۔

مفاہمت کے تحت انڈر گریجویٹ سطح کے یونیورسٹی پروگرامز میں انتخابی تعلیم کو شامل کیا جائے گا، نوجوانوں کی شہری و جمہوری سرگرمیوں میں شرکت کے لئے مشترکہ یوتھ ایمبیسیڈر اقدامات شروع کئے جائیں گے جبکہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں آگاہی سیشنز اور مہمات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن شراکت داری کے تحت رابطہ کاری میں سہولت فراہم کرے گا جبکہ الیکشن کمیشن انتخابی تعلیم اور ووٹر آگاہی کو مؤثر بنانے کے لئے ضروری وسائل اور معاونت فراہم کرے گا۔ تین سالہ یہ شراکت داری قابل توسیع ہوگی جس کا مقصد نوجوانوں کو انتخابی عمل سے متعلق معلومات فراہم کرنا اور انہیں ملک کے جمہوری عمل میں فعال شرکت کے لئے بااختیار بنانا ہے۔