ایچ ای سی کا غیر ملکی ڈگری پروگرامزکے حوالے سے انتباہ، طلبہ کو داخلے سے پہلے تصدیق کی ہدایت

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے ایسے طلبہ کے لیے انتباہ جاری کیا ہے جو پاکستانی اداروں کے اشتراک سے مقامی سطح پر پیش کیے جانے والے غیر ملکی ڈگری پروگراموں میں داخلہ لے رہے ہیں۔ٹرانس نیشنل ایجوکیشن (ٹی این ای)پالیسی کے تحت ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ کسی غیر ملکی یونیورسٹی کو پاکستان میں ڈگریاں پیش کرنے کی اجازت صرف اس صورت …

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے ایسے طلبہ کے لیے انتباہ جاری کیا ہے جو پاکستانی اداروں کے اشتراک سے مقامی سطح پر پیش کیے جانے والے غیر ملکی ڈگری پروگراموں میں داخلہ لے رہے ہیں۔ٹرانس نیشنل ایجوکیشن (ٹی این ای)پالیسی کے تحت ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ کسی غیر ملکی یونیورسٹی کو پاکستان میں ڈگریاں پیش کرنے کی اجازت صرف اس صورت میں ہے جب وہ کسی ایسے مقامی شراکت دار ادارے کے ذریعے ایسا کرے اور ایچ ای سی نے اس مخصوص اشتراک کے لیے باضابطہ طور پر منظوری دی ہو۔ایچ ای سی کی جانب سے انتباہ میں خبردار کیا گیا ہے کہ طلبہ کسی بھی قسم کی فیس ادا کرنے یا داخلہ لینے سے پہلے (ادارے اور پروگرام کی)حیثیت کی تصدیق کر یں۔

ایچ ای سی نے کہا کہ مقامی سطح پر پیش کیے جانے والے ایسے کسی بھی غیر ملکی پروگرام میں زیرِ تعلیم یا داخلہ لینے کے خواہشمند طلبہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ داخلہ لینے یا کوئی ادائیگی کرنے سے قبل اس بات کی تصدیق کریں کہ شراکت دار ادارہ ایچ ای سی کی آفیشل ویب سائٹ اور تسلیم شدہ ٹرانس نیشنل و غیر ملکی اشتراک والے اداروں کی فہرست میں شامل ہے۔ایچ ای سی کے مطابق ٹی این ای کی منظوری کا اطلاق غیر ملکی ڈگری دینے والے ادارے، پروگرام پیش کرنے والے پاکستانی شراکت دار، اس کے تحت منظور شدہ مخصوص ڈگری پروگراموں اور پروگرام کی فراہمی کے لیے مختص مقام یا کیمپس پر ہوتا ہے۔ایچ ای سی نے کہا کہ کمیشن صرف انہی پروگراموں کو تسلیم کرے گا جو منظور شدہ غیر ملکی-مقامی شراکت داری کے تحت، مختص مقامات پر اور منظور شدہ معاہدے کے مطابق پیش کیے جائیں گے۔

ان شرائط سے ہٹ کر چلایا جانے والا کوئی بھی پروگرام جس میں غیر فہرست شدہ شراکت دار، غیر منظور شدہ ڈگری، یا غیر مختص مقام شامل ہو تو ایچ ای سی کی جانب سے تسلیم یا اس کے مساوی قرار نہیں دیا جائے گا۔ایچ ای سی نے زور دیا کہ کسی غیر ملکی یونیورسٹی کا تسلیم شدہ ہونا بذاتِ خود ہر مقامی شراکت داری یا پروگرام کی فراہمی کے مقام کو خود بخود منظور شدہ نہیں بناتا۔تصدیق کے لیے، طلبہ اور والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ داخلے سے قبل سرکاری فہرستوں کا جائزہ لیں۔ تسلیم شدہ اداروں کی فہرست http://www.hec.gov.pk/site/TNEI پر دستیاب ہے اور مکمل ٹی این ای پالیسی ttp://www.hec.gov.pk/site/TNE پر دیکھی جا سکتی ہے۔اس اقدام کا مقصد ہزاروں طلبہ کو غیر قانونی یا غیر منظور شدہ غیر ملکی اشتراک کے پروگراموں میں اپنی فیس اور قیمتی سال ضائع کرنے سے بچانا ہے کیونکہ ایسی ڈگریوں کی بعد ازاں ملازمت یا اعلیٰ تعلیم کے لیے ایچ ای سی کی جانب سے تصدیق نہیں کی جائے گی۔\395

 

مزید خبریں