ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سرگودھا کا خضر آباد لائیو اسٹاک تجرباتی فارم کا دورہ، انتظامی امور کا جائزہ

ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سرگودھا ڈویژن نے خضر آباد لائیو اسٹاک تجرباتی فارم کا دورہ کیا اور انتظامی امور کا جائزہ لیا

سرگودھا ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سرگودھا ڈویژن نے خضر آباد لائیو اسٹاک تجرباتی فارم کا دورہ کیا اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سرگودھا ڈاکٹر نائلہ مقصود نے خضر آباد لائیو اسٹاک تجرباتی فارم کا دورہ کیا اور وہاں پر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ انچارج تجرباتی فارم نے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر نائلہ مقصود کو تجرباتی فارم کی مجموعی کارکردگی، مویشیوں کی دیکھ بھال، افزائشِ نسل، خوراک، علاج معالجہ، ویکسینیشن، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر نائلہ مقصود نے فارم کے مختلف حصوں کا بغور معائنہ کرتے ہوئے مویشیوں کی صحت، رہائش، خوراک اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے ہدایت کی کہ مویشیوں کی بہتر نگہداشت، معیاری خوراک، بروقت علاج ، صفائی ستھرائی اور ویکسینیشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ جانوروں کی افزائشِ نسل کو آگے بڑھانے میں مدد مل سکے۔ فارم میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ مویشیوں کی افزائشِ نسل اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے جدید طریقہ کار اپنایا جائے۔ ڈاکٹر نائلہ مقصود نے کہا کہ لائیو اسٹاک شعبہ دیہی معیشت اور عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لیے سرکاری لائیو اسٹاک فارمز کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اُن کی کارکردگی اور افادیت میں مزید اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو فارم کی بہتری اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے عملی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔