ایکسپو سینٹر میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش ’’میرا برانڈ پاکستان ‘‘ کا دوسرا روز ،خواتین کی بھرپور شرکت

"ایکسپو سینٹر لاہور میں جاری پاکستانی مصنوعات کی نمائش ’میرا برانڈ پاکستان‘ کے دوسرے روز خواتین کاروباری شخصیات، ہنرمند خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بھرپور شرکت کی۔”

لاہور۔15اگست (اے پی پی):ایکسپو سینٹر لاہور میں جاری پاکستانی مصنوعات کی نمائش ’’میرا برانڈ پاکستان ‘‘ کے دوسرے روز خواتین کاروباری شخصیات، ہنرمند خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بھرپور شرکت کی۔

نمائش کا مقصد پاکستانی مصنوعات، خواتین کی صلاحیتوں ، مقامی کاروبار کو فروغ دینا اور ملکی معیشت میں خواتین کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ "میرا برانڈ پاکستان محض مصنوعات کی نمائش نہیں بلکہ پاکستان کے ہنرمند ہاتھوں، باصلاحیت خواتین اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں صلاحیت، ہنر اور وسائل کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ مقامی صنعت وپاکستانی مصنوعات کو منظم انداز میں فروغ دیا اور صارفین میں” پاکستانی خریدیں و پاکستان کو مضبوط کریں ”کا شعور بیدار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ خواتین گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ صنعت و تجارت، دستکاری، فیشن، خوراک، تعلیم، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ انہیں کاروباری مواقع، مارکیٹ تک رسائی، جدید تربیت اور مناسب رہنمائی فراہم کی جائے تو وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملکی معیشت کے استحکام میں بھی موثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے میرا برانڈ پاکستان کے پلیٹ فارم کو پاکستانی خواتین کے لیے امید، حوصلے اور نئے کاروباری امکانات کا دروازہ قرار دیا۔ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کاروبار سے وابستہ خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کے ہنر کو کاروباری مواقع سے جوڑا اور انہیں مارکیٹ، برانڈنگ، جدید ٹیکنالوجی اور آن لائن کاروبار کے تقاضوں سے روشناس کرایا جائے۔ بعد ازاں ڈاکٹر حمیرا طارق نے ٹیم کے ہمراہ نمائش کا دورہ کیا اور مختلف اسٹالز پر موجود پاکستانی مصنوعات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خواتین کی تیار کردہ مصنوعات میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے ان کے معیار، جدت اور محنت کو سراہا۔نمائش کے دوسرے روز مختلف اسٹالز پر پاکستانی ملبوسات، دستکاری، گھریلو مصنوعات، کھانے پینے کی اشیائ، آرٹ، جیولری، بیوٹی مصنوعات اور خواتین کے دیگر کاروباری برانڈز کو نمایاں کیا گیا۔ خواتین شرکا ء نے میرا برانڈ پاکستان کو پاکستانی ہنر اور مصنوعات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کی ایک موثر کاوش قرار دیا۔