ایکسین کڑانہ محکمہ انہار سرگودھا ملک امام بخش کی مؤثر حکمتِ عملی، مسلسل نگرانی اور عملی اقدامات کے نتیجے میں نہری پانی کی ٹیل تک فراہمی ممکن ہو گئی۔ کسانوں نے نہری پانی کی منصفانہ تقسیم اور ٹیل کے کاشت کاروں کو ان کا حق دلانے کے لیے اقدامات پر ایکسین محکمہ انہار ملک امام بخش کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے
ایکسین کڑانہ ڈویژن کی کاوشوں سے کسانوں کو ریلیف

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 04 اگست (اے پی پی):ایکسین کڑانہ محکمہ انہار سرگودھا ملک امام بخش کی مؤثر حکمتِ عملی، مسلسل نگرانی اور عملی اقدامات کے نتیجے میں نہری پانی کی ٹیل تک فراہمی ممکن ہو گئی۔ کسانوں نے نہری پانی کی منصفانہ تقسیم اور ٹیل کے کاشت کاروں کو ان کا حق دلانے کے لیے اقدامات پر ایکسین محکمہ انہار ملک امام بخش کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ کاشت کاروں کا کہنا ہے کہ نہری نظام میں ٹیل کےعلاقوں تک پانی کی بروقت اور مناسب مقدار میں فراہمی ہمیشہ ایک اہم مسئلہ رہی ہے تاہم ایکسین ملک امام بخش کی خصوصی توجہ، فیلڈ میں نگرانی اور متعلقہ عملے کو مؤثر ہدایات کے باعث ٹیل تک پانی کی دستیابی ممکن ہو سکی ہے۔ ٹیل تک پانی پہنچنے سے فصلوں کو بر وقت آبپاشی کی سہولت میسر آئی ہے اور کسانوں کو اپنی فصلوں کے حوالے سے درپیش مشکلات میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ اس موقع پر ایکسین محکمہ انہارملک امام بخش نے کہا کہ ٹیل تک پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اوراس مقصد کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
نہری پانی کی تقسیم میں میرٹ، شفافیت اور منصفانہ طریقہ کار کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ افسران اور عملے کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ نہروں کے پانی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے ۔ کاشت کاروں کو پانی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور جہاں کہیں بھی پانی کے بہاؤ میں کمی یا دیگر تکنیکی مسئلہ سامنے آئے گا، اسےترجیحی بنیادوں پردُور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ملک امام بخش نے مزید کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیر زادہ اور سیکرٹری آبپاشی ڈاکٹر واصف خورشید کی خصوصی ہدایات پر کاشت کاروں کو ٹیل تک نہری پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق زرعی شعبے کو سہولیات کی فراہمی اور کاشت کاروں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ کاشت کاروں کا کہنا ہے کہ ٹیل تک پانی پہنچنے سے انہیں اپنی فصلوں کی بروقت آبپاشی میں سہولت حاصل ہوئی ہے۔
کسانوں نے ایکسین محکمہ انہار ملک امام بخش کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ میں مسائل پر فوری توجہ اور ٹیل تک پانی پہنچانے کے لیے عملی اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔








