ایک سال قبل بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا ، پاکستان نے دن کے اجالے میں جواب دیا ، شرجیل میر

ایک سال قبل بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا ، پاکستان نے دن کے اجالے میں جواب دیا ، شرجیل میر

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):معرکہ حق شہداء فائونڈیشن کے صدر شرجیل میر اور جنرل سیکرٹری یاسر مقصود نے کہا ہے کہ مودی نے گزشتہ سال 6 مئی کی رات کو دہشت گردی و جارحیت کرتے ہوئے شہری آبادیوں ، مساجد اور معصوم افراد کو نشانہ بنایا، بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا جس کا جواب پاکستان نے دن کے اجالے میں دیا ، پوری پاکستانی قوم یکجا اور پاک افواج کے ساتھ کھڑی نظر آئی، پاکستان نے ایسا منہ توڑ جواب دیا جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،

شہداء قوم کے محسن ہوتے ہیں شہداء کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، شہری آبادی پر حملہ کرکے بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی جس پر اسے عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔شرجیل میر نے کہا کہ مودی معصوم بچوں کا قاتل ہے جسے جنگی جنون چڑھا ہوا ہے،مودی کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ کسی بھول میں نہ رہے ،دوبارہ حماقت کی تو اس سے بھی تگڑا جواب ملے گا، پاک فوج نے فجر کے ٹائم بنیان مرصوص کا آغاز کیا اور چار گھنٹوں میں دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، پاک فوج نے طے شدہ عالمی و اخلاقی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی فوج اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ شرجیل میر نے شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والےشہداکی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ،شہداکی یاد گار کی تعمیر اچھا اقدام ہے۔

انہوں نے حکومت سےجنگ کے دوران تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیراورجنگی جرائم کے مرتکب بھارت کو عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا۔ اس موقع پر فائونڈیشن کے جنرل سیکرٹری یاسر مقصود نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کی اینٹ سے اینٹ بجا دی،معرکہ حق میں پاکستانی فضائیہ نے بھی اقبال کے شاہینوں کا کردار ادا کرتے ہوئے دشمن کو نیست و نابود کر دیا۔انھوں نے کہا کہ بھارت نے ہمارے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، ان میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ ہماری پاک افواج کا مقابلہ کر سکیں،ہم پاکستانی قوم سے کہیں گے کہ خطرہ ابھی ٹلا نہیں، بھارت اب بھی سازشوں میں مصروف ہے،

ہم پاکستانی مل کر افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی صلاحیتوں پر مکمل یقین رکھتے ہیں، قوم شہداکے ورثے کو زندہ رکھے گی، معرکہ حق شہدا فائونڈیشن کا مطالبہ ہے کہ جنگی جرائم کی پاداش میں بھارت کو عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے اقوام متحدہ کے نمائندوں کو احتجاجی مراسلہ بھی جمع کرایا اور ہم اقوام متحدہ سے جواب کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ امریکا ایران جنگ کی ثالثی کر کے بھی پاکستان نے دنیا بھر میں خود کو منوایا ہے ، سول و ملٹری قیادت کی بہترین حکمت عملی سے پاکستانی قوم کا سر دنیا بھر میں فخر سے بلند ہوا ہے اور پاکستان دنیا کے نقشے پر امن کا داعی اور ناقابل تسخیر قوت بن کر ابھرا ہے۔