ایک فاشسٹ میڈیا کی آزادی کا ٹھیکیدار نہیں ہو سکتا، چار سال میڈیا کا قتل کیا، اب میڈیا کی آزادی کی بات پر اسے شرم آنی چاہئے، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا بیان

ضمنی انتخابات کا نتیجہ الیکشن کمشن اور اداروں کی جانبداری کے خلاف بیانیہ کی موت ہے، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک فاشسٹ میڈیا کی آزادی کا ٹھیکیدار نہیں ہو سکتا، چار سال میڈیا کا قتل کیا اور اب میڈیا کی آزادی کی بات پر اسے شرم آنی چاہئے، عمران خان چار سال تک وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھ کر میڈیا کا قتل کرتے رہے۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل میڈیا واچ نے عمران خان کو فاشسٹ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی پسلیاں توڑنے والا عمران خان ہے، صحافیوں کو اغواء کرنے والا عمران خان ہے، میڈیا کی آزادی کو کچلنے والا، پارلیمان میں تالے لگوانے والا، میڈیا کو نیب کے ذریعے کنٹرول کرنے والا، دس ہزار سے زائد میڈیا ورکرز کو بے روزگار کرنے والا عمران خان ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے میڈیا کا معاشی قتل کیا، میڈیا میں تفریق پیدا کی اور میڈیا کو پریشرائز کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہیں دکھ اور غم میڈیا کا نہیں اے آر وائی کا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان تمہارا چیف آف اسٹاف تمہارا بیان دے اور تم اے آر وائی کی تابعداری کرو۔