چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر محکمہ کسٹمز ایکسپورٹس اور پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) نے ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) کے تحت درآمد کیے جانے والے ڈائز اور کیمیکلز کے درست استعمال کو یقینی بنانے اور ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کیلئے مؤثر مانیٹرنگ میکنزم وضع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ای ایف ایس کے تحت درآمدی ڈائز اور کیمیکلز کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کیلئے مؤثر مانیٹرنگ میکنزم پر اتفاق

مزید خبریں
کراچی۔9اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر محکمہ کسٹمز ایکسپورٹس اور پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) نے ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) کے تحت درآمد کیے جانے والے ڈائز اور کیمیکلز کے درست استعمال کو یقینی بنانے اور ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کیلئے مؤثر مانیٹرنگ میکنزم وضع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جاری بیان ک مطابق اس سلسلے میں کسٹمز ہاؤس کراچی میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں کلکٹر کسٹمز ایکسپورٹس افنان خان، ڈپٹی کلکٹر ای ایف ایس وقار احمد، پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین سلیم مکاتی، سینئر وائس چیئرمین شاہد بشیر، سابق چیئرمینز سلیم ولی محمد اور عبدالرشید کھتری سمیت کسٹمز حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ای ایف ایس کے تحت درآمد کیے جانے والے ٹیکسٹائل ڈائز اور کیمیکلز کے ممکنہ غلط استعمال سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وفد نے کہاکہ ای ایف ایس کے تحت صنعتوں کیلئے درآمد کیے جانے والے ڈائز اور کیمیکلز کی مقامی مارکیٹ میں فروخت روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ درآمد شدہ خام مال صرف مقررہ صنعتی مقاصد کیلئے استعمال ہو۔اجلاس میں اس بات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا کہ ای ایف ایس کے تحت صنعتوں کے نام پر درآمد کیے جانے والے خام مال کی مقدار، متعلقہ صنعتوں میں اس کی کھپت اور حقیقی استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے ۔اجلاس کے شرکاء نے درآمدات سے متعلق اعدادوشمار کا تبادلہ کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ ای ایف ایس کے تحت درآمدات کی اجازت مقررہ کنزمپشن فارمولا کے مطابق دی جائے اور انہیں برآمدات سے منسلک کیا جائے۔ اس اقدام سے اسکیم کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام اور برآمدی شعبے کیلئے فراہم کردہ سہولتوں کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔اجلاس میں انتظامی امور میں بہتری اور شفاف آڈٹ نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا تاکہ ای ایف ایس کے تحت درآمد کیے جانے والے خام مال کی مقدار، کھپت اور استعمال کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔اجلاس میں محکمہ کسٹمز ایکسپورٹس اور پی سی ڈی ایم اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون اور مؤثر نگرانی کے ذریعے ای ایف ایس کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کے ساتھ ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔







