باصلاحیت قوم تیار کرنے کیلئے ہر بچی کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہوں گے، یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بچیاں ڈاکٹر، انجینئر، استاد، سائنسدان، وکیل، کاروباری شخصیت اور مختلف شعبوں میں قائدانہ کردارادا کرسکتی ہیں

کراچی۔28ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بچیاں ڈاکٹر، انجینئر، استاد، سائنسدان، وکیل، کاروباری شخصیت اور مختلف شعبوں میں قائدانہ کردارادا کرسکتی ہیں، پاکستان کی ترقی کا راستہ ہماری بچیوں کی تعلیم اوران کی باوقار شمولیت سے ہو کر گزرتا ہے، اگر ہم ایک مضبوط اور باصلاحیت نسل تیار کرنا چاہتے ہیں تو ہر بچی کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے قائم کردہ نئے یتیم خانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ عمارت محض اینٹوں، دیواروں اور کمروں کا مجموعہ نہیں یہ امید، تحفظ، تعلیم اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے، اس ادارے کا سب سے خوبصورت پیغام یہی ہے کہ یتیم بچیاں صرف ہماری ہمدردی کی مستحق نہیں بلکہ ہمارے اعتماد، توجہ اور مواقع کی بھی حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بیٹیوں کو محض محفوظ نہیں کرنا بلکہ انہیں مضبوط، بااختیار اور خود انحصار بنانا ہے، میری خواہش ہے کہ ‘المصطفیٰ مائی ہوم’ میں رہائش اور بنیادی ضروریات کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم، جدید عمارتوں، صحت، کردار سازی اور اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ اسلام نے یتیموں کی کفالت اور حقوق پر خصوصی زور دیا ہے، ان کی تعلیم، تربیت اور باعزت زندگی کے مواقع فراہم کرنا ہماری دینی، انسانی اور سماجی ذمہ داری ہے، ایک بچی کو تعلیم دینا صرف ایک فرد کو تعلیم دینا نہیں ،یہ ایک پورے خاندان اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو سنوارنا ہے، آج کا یہ افتتاح صرف ایک عمارت کا افتتاح نہیں بلکہ امید کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے، میری خواہش ہے کہ یہ ادارہ کراچی اور پاکستان کے لئے ایک مثالی مرکز بنے جہاں یتیم بچیوں کو محبت، عزت، تعلیم اور آگے بڑھنے کے مواقع حاصل ہوں۔چیئرمین سینیٹ نے سابق وفاقی وزیر اور سرپرستِ اعلیٰ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ حاجی محمد حنیف طیب اور ڈاکٹر عبدالرحیم کو اس بامقصد منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کیلئے اپنا وقت، وسائل اور صلاحیتیں صرف کرنے والے افراد، سماجی کارکن اور رضا کار بھی لائقِ تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ہر بیٹی ہمارا مستقبل ہے اور اس مستقبل کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔