باغبان گرمیوں میں چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں 2 بار ،بڑے پودوں کو 8 سے 10 دن کے وقفہ سے پانی لگائیں، ڈائریکٹر زراعت

ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے باغبانوں کو گرمیوں میں چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں دوبار اور بڑے پودوں کو8 سے 10 دن کے وقفے سے پانی لگانے کی ہدایت کی ہے۔

فیصل آباد۔ 20 مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے باغبانوں کو گرمیوں میں چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں دوبار اور بڑے پودوں کو8 سے 10 دن کے وقفے سے پانی لگانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغبان جون میں پھل دار پودوں کے تنوں کو نیلے تھوتھے و چونے کے محلول سے سفید ی کرکے تنے کوگرمی کے مضر اثرات سے محفوظ بھی بنائیں۔انہوں نے کہاکہ باغبان موسم گرما میں پھلدار پودوں خصوصاً چھوٹے پودوں کو زیادہ درجہ حرات اور گرم ہوا سے محفوظ بنانے کےلئے ان کی مناسب نگہداشت کریں۔ انہوں نے بتایاکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں مئی کے آخر سے جون سے جولائی کے درمیان شدید گرمی پڑتی ہے اورگرم ہواؤں و لو کے اثر سے چھوٹے و بڑے پودوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے، پھل جھلس جاتا، چھلکا پھٹ جاتا اور پھل کی کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے نیز ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہونے کی وجہ سے پودوں میں خوراک بنانے کے عمل میں بھی رکاوٹ پیدا ہوتی ہے جس سے پھل کا کیرا بڑھ جاتا ہے لہٰذا باغبان پھل دار پودوں کو گرمی کے اثرات سے محفوظ کرنے کےلئے پودوں کے گھیرے میں ہلکی گوڈی کرکے سطح زمین کو چار سے چھ انچ گھاس کی موٹی تہہ سے ملچنگ کریں۔انہوں نے کہاکہ نرسری سے نئے پودے لاتے وقت اس بات کا خیال رکھاجائے کہ پیوند کی اونچائی 12سے 15 انچ ہو کیونکہ زیادہ اونچا پیوند دھوپ اور گرمی کی زد میں آنے سے کمزور ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ باغبان باغوں کے گرد جامن،کچنار، تخمی آم اور بیر ہوا توڑ باڑکے طورپر کاشت کریں نیز چھوٹے پودوں کو گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے سرکنڈا یا پرالی سے ڈھانپ دیں۔اسی طرح پھل کو گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کےلئے جنوب مغربی حصے کی طرف جنتر کی باڑ لگا دیں۔انہوں نے کہاکہ مالٹا، سنگترہ اور لیمو کے پھل جن پر سورج کی گرم شعاعیں براہ راست پڑتی ہوں ان پر سادہ پانی کا سپرے بھی کیاجائے۔