بجٹ خسارہ مالی سال کے پہلے 9ماہ میں 856ارب روپے ریکارڈ ،مجموعی اخراجات میں سالانہ بنیادوں پر4فیصدکی کمی
بجٹ خسارہ مالی سال کے پہلے 9ماہ میں 856ارب روپے ریکارڈ ،مجموعی اخراجات میں سالانہ بنیادوں پر4فیصدکی کمی

مزید خبریں
اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں بجٹ خسارہ 856ارب روپے ریکارڈکیاگیا ہے جومجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے 0.7فیصدہے،مجموعی اخراجات میں سالانہ بنیادوں پر4فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری فسکل آپریشن رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں بجٹ خسارہ 856ارب روپے ریکارڈکیاگیا جومجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے 0.7فیصدبنتاہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں جی ڈی پی کے تناسب سے بجٹ خسارہ کی شرح 2.6فیصد تھی۔ پرائمری بیلنس 4092ارب روپے فاضل رہا جوگزشتہ سال کی اسی مدت میں 3469ارب روپے تھا۔مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سود کی ادائیگی کاحجم 4948ارب روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 23فیصدکم ہے۔مالی سال کے پہلے 9ماہ میں مجموعی محصولات کاحجم 14.79ٹریلین روپے رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 13.36ٹریلین روپے کے مقابلہ میں 11فیصدزیادہ ہے۔
اس مدت میں ایف بی آر کے ٹیکس محصولات کاحجم 9.306ٹریلین روپے رہا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 8.453ٹریلین روپے کے مقابلہ میں 10فیصدزیادہ ہے۔مالی سال کے پہلے 10ماہ میں نان ٹیکس محصولات کاحجم 4.633ٹریلین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 4.230ٹریلین روپے کے مقابلہ میں 10فیصدزیادہ ہے۔مجموعی اخراجات کاحجم 15.656ٹریلین روپے ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 16.337ٹریلین روپے کے مقابلہ میں 4فیصدکم ہے۔
جی ڈی پی کے لحاظ سے مجموعی محصولات کی شرح 11.4فیصد جبکہ ٹیکس محصولات کی شرح 7.8فیصدریکارڈکی گئی ہے۔جی ڈی پی کے تناسب سے نان ٹیکس محصولات کی شرح 3.6فیصد جبکہ مصارف(اخراجات) کاتناسب 12.1فیصد رہا۔








