سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایران کے ساتھ بہتر سفارتی تعلقات کو فوری طور پر پائیدار معاشی تعاون میں تبدیل کرنے پر توجہ دینی چاہیے تاکہ اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھل سکیں
برآمدات اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ایران سے معاشی تعلقات مضبوط کیے جائیں، افتخار علی ملک

مزید خبریں
لاہور۔5جولائی (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایران کے ساتھ بہتر سفارتی تعلقات کو فوری طور پر پائیدار معاشی تعاون میں تبدیل کرنے پر توجہ دینی چاہیے تاکہ اقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھل سکیں۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت ایران کے ساتھ تجارت، توانائی اور لاجسٹکس کے شعبوں میں براہِ راست دوطرفہ تعاون کو فروغ دے، جبکہ عالمی اور علاقائی اقتصادی فورمز پر پاکستان کی موثر انداز میں تشہیر بھی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو معیشت میں مرکزی کردار دیا جائے اور کمرشل بینکوں، آسان ٹیکس پالیسی، مالی مراعات اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے ون ونڈو نظام کے ذریعے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے ایران کے ساتھ تجارت میں اضافہ، توانائی کی کم لاگت فراہمی، اسمگلنگ میں کمی اور سرحد پار تجارتی اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ پاکستان کا عالمی معاشی تشخص بھی مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور برآمدات، غیر ملکی سرمایہ کاری، روزگار، درآمدی متبادل صنعتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں کو فروغ حاصل ہو گا۔







