پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف) نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے جامع اور موثر پالیسیز کی تشکیل ضروری ہے،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اآف پاکستان (ٹڈیپ)،بیرون ملک کمرشل مشنز اور متعلقہ اداروں کیلئے واضح اہداف مقرر کیے جائیں۔
برآمدات میں اضافہ کیلئے جامع اور موثر پالیسیز کی تشکیل ضروری ہے، پیاف

مزید خبریں
اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف) نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے جامع اور موثر پالیسیز کی تشکیل ضروری ہے،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اآف پاکستان (ٹڈیپ)،بیرون ملک کمرشل مشنز اور متعلقہ اداروں کیلئے واضح اہداف مقرر کیے جائیں۔
پیاف کے رہنمائوں نے پیر کو جاری اپنےایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی برآمدات میں مطلوبہ اضافہ نہ ہونے کی وجہ جوابدہی کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو برآمدات بڑھانے کے لیے ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، بیرون ملک کمرشل مشنز اور دیگر متعلقہ اداروں کے لیے واضح اہداف مقرر کیے جائیں۔ نئے خریداروں اور نئی منڈیوں تک رسائی، طویل مدتی برآمدی معاہدوں میں اضافہ اور تجارتی رکاوٹوں کا خاتمہ کارکردگی جانچنے کے بنیادی پیمانے ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ براآمدات پر خرچ کئے جانے والے وسائل کے مقابلہ میں برآمدی نتائج کا باقاعدہ اور شفاف جائزہ ضروری ہے۔ پیاف رہنمائوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک تعینات کمرشل قونصلرز کو بھی روایتی سفارتی اور انتظامی ذمہ داریوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیاں تلاش کرنے، غیر ملکی خریداروں سے روابط بڑھانے اور مقامی برآمد کنندگان کو کاروباری مواقع فراہم کرنے کا واضح ٹاسک دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کو بعض اوقات مختلف طریق کار، غیر ضروری کارروائی اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے کاروباری لاگت میں اضافہ اور عالمی منڈی میں مسابقت بھی متاثر ہوتی ہے۔
پاکستان سنگل ونڈو سمیت ڈیجیٹل نظام کو مزید موثربنا کر تمام متعلقہ اداروں کے طریقہ کار کو آسان اور تیز بنایا جائے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایک جامع زیرو بیسڈ ادارہ جاتی جائزہ کی ضرورت ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ کے حوالہ سے کی جانے والی ادارہ جاتی کوششوں کے بارے میں درست اور حقائق پر مبنیٰ اعداوشمار حاصل ہو سکیں۔








