برآمدات میں اضافہ کیلئے فرنیچر سیکٹر کو صنعت کا درجہ دیا جائے، میاں کاشف اشفاق

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ فرنیچر کے شعبے کو باقاعدہ صنعتی درجہ دیا جائے تاکہ اس کی حقیقی برآمدی صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے۔ اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہنر مند کاریگروں، وسیع تجربے اور وافر خام مال کی کمی نہیں، تاہم باقاعدہ …

لاہور۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ فرنیچر کے شعبے کو باقاعدہ صنعتی درجہ دیا جائے تاکہ اس کی حقیقی برآمدی صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے۔ اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہنر مند کاریگروں، وسیع تجربے اور وافر خام مال کی کمی نہیں، تاہم باقاعدہ صنعتی شناخت نہ ہونے کے باعث یہ شعبہ اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر پا رہا۔

انہوں نے کہا کہ اگر فرنیچر صنعت کو صنعتی درجہ مل جائے تو اسے بینکوں سے آسان قرضوں، رعایتی توانائی نرخوں، جدید مشینری کی درآمد اور دیگر برآمدی صنعتوں جیسی حکومتی مراعات تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے، اس اقدام سے نہ صرف پیداواری صلاحیت اور مصنوعات کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ پاکستانی فرنیچر عالمی منڈی میں موثر انداز میں مقابلہ کرنے کے قابل بھی ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تیار ہونے والا فرنیچر دستکاری اور ڈیزائن کے اعتبار سے بین الاقوامی معیار کا حامل ہے، جسے مناسب سرکاری سرپرستی ملنے پر بڑی برآمدی صنعت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرنیچر سیکٹر برآمدات بڑھانے، بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، حکومت اگر آئندہ اقتصادی اصلاحات میں اس صنعت کو ترجیح دے تو یہ شعبہ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے اور برآمدات پر مبنی ترقی کے حصول میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے پالیسی سازوں پر زور دیا کہ وہ فرنیچر انڈسٹری کو قومی اقتصادی حکمتِ عملی کا حصہ بنائیں تاکہ مقامی صنعتکار جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر سکیں۔