برآمدات میں اضافے کے لیے مربوط کمرشل ڈپلومیسی ناگزیر ہے، طاہر ایوب

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائیدار برآمدی ترقی، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور علاقائی و عالمی منڈیوں میں اپنی موثر موجودگی یقینی بنانے کے لیے کمرشل ڈپلومیسی کو اپنی اقتصادی اور خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون بنانا ہوگا۔

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائیدار برآمدی ترقی، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور علاقائی و عالمی منڈیوں میں اپنی موثر موجودگی یقینی بنانے کے لیے کمرشل ڈپلومیسی کو اپنی اقتصادی اور خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون بنانا ہوگا۔انہوں نے پیر کے روز چیمبر ہائوس میں اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے سابق صدر ذکریا ضیاء، افتخار سیٹھی، میاں وقاص مسعود اور مرزا محمد علی پر مشتمل صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مینوفیکچرنگ، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکل، انجینئرنگ مصنوعات، معدنیات اور خدمات سمیت مختلف شعبوں میں بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔

طاہر ایوب نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں اور تجارتی مشنز کو فعال معاشی سفیروں کا کردار ادا کرنا چاہیے جو کاروباری برادری کے ساتھ قریبی روابط استوار کرتے ہوئے نئی منڈیوں کی نشاندہی کریں بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دیں شعبہ جاتی تجارتی تقریبات کا انعقاد کریں اور پاکستانی برآمدکنندگان کو طویل المدتی تجارتی شراکت داریوں کے قیام میں معاونت فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی مشنز کی کارکردگی کا جائزہ صرف روایتی سفارتی کامیابیوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ برآمدات میں اضافے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول اور پاکستان کے معاشی مفادات کے فروغ میں ان کے کردار کو بھی مدنظر رکھ کر لیا جانا چاہیے

۔قائم مقام صدر آئی سی سی آئی نے افریقہ، وسطی ایشیا، جنوب مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مشرقی یورپ کی ابھرتی ہوئی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روایتی برآمدی منڈیوں کے ساتھ ساتھ نئی منڈیوں تک رسائی پاکستان کی برآمدات کو مزید مستحکم کرے گی اور کاروباری برادری کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے قیمتی معاشی سفیر ہیں، جو پاکستانی مصنوعات اور برانڈز کو عالمی سطح پر متعارف کرانے، تجارتی شراکت داریوں کے قیام، سرمایہ کاری کے فروغ اور نئی منڈیوں تک رسائی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے کہا کہ پاکستانی سفارت کاروں اور کاروباری برادری کے درمیان باقاعدہ اور ادارہ جاتی روابط قائم کیے جانے چاہییں تاکہ برآمدکنندگان اپنی منڈیوں سے متعلق مسائل براہ راست متعلقہ سفارتی مشنز تک پہنچا سکیں اور انہیں بروقت معاونت حاصل ہو۔ انہوں نے تجویز دی کہ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں خصوصی کمرشل فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کیے جائیں تاکہ برآمدکنندگان اور سرمایہ کاروں کو موثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مزید خبریں