برآمدی منڈیوں تک رسائی کے لئے نجی شعبہ اور حکومت کے درمیان روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، صدر فیصل آباد چیمبر

فیصل آباد۔ 13 فروری (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ برآمدی منڈیوں تک رسائی کےلئے نجی شعبہ اور حکومت کے درمیان روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں زیر تربیت آٹھویں پروفیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کو ملکی معیشت میں ریڑھ …

فیصل آباد۔ 13 فروری (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ برآمدی منڈیوں تک رسائی کےلئے نجی شعبہ اور حکومت کے درمیان روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں زیر تربیت آٹھویں پروفیشنل پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے جبکہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اس شہر کا حصہ 57فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ شہر صرف ٹیکسٹائل کی وجہ سے پہنچانا جاتا تھا مگر اب یہاں آئی ٹی، آئل، بیوریج، فارماسوٹیکل، ٹائلز، سرامکس اور فوڈ پروسیسنگ سمیت دیگر شعبے بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چیمبر کے 22ہزار ممبران 128مختلف سیکٹرز اور تجارت سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ حکومت اور نجی شعبہ میں باہمی تعاون سے مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ہم سب کا بنیادی مقصد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہے۔ صدر نے بتایا کہ چیمبر کی مشاورت سے حکومت بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کر رہی ہے جبکہ حال میں ہی صنعتوں کے لئے بجلی کی قیمت میں 4.04روپے کی کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوششوں سے حکومت نے ایس ایم ای کی لمٹ کو 80کروڑ سے بڑھا کے 2۔ ارب کر دیا ہے۔ اس طرح دیگر مسائل کو بھی باہمی تعاون سے حل کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے چیف انسٹرکٹر ابرار احمد نے بتایا کہ زیر تربیت افسران کے دورہ سے انہیں فیصل آباد کی معیشت اور معاشی معاملات کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔