برسیم کی رائی گراس یا جئی کےساتھ مخلوط کاشت کی صورت میں 15 سے 20کلو فی ایکڑ معیاری بیج استعمال کیاجائے، محکمہ زراعت کی ہدایت
برسیم کی رائی گراس یا جئی کےساتھ مخلوط کاشت کی صورت میں 15 سے 20کلو فی ایکڑ معیاری بیج استعمال کیاجائے، محکمہ زراعت کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ برسیم کی مخلوط کاشت سرسوں کی بجائے رائی گراس یا جئی کے ساتھ کی جائے اور اس سلسلہ میں 15 سے 20 کلوگرام فی ایکڑ معیاری بیج استعمال کیاجائے تاکہ برسیم کی بہترین مخلوط پیداوار حاصل ہو سکے۔ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل احمد نے بتایا کہ کاشتکار برسیم اور لوسرن کا صاف ستھرا و معیاری 6 سے 8 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ برسیم، لوسرن اور اگیتی جئی کی کاشت فوری طور پر شروع کر کے 15 نومبر تک جبکہ جئی کی درمیانی و پچھیتی کاشت دسمبر کے آخر تک بھی کاشت کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ برسیم اور لوسرن کو پہلا پانی بجائی کے ایک ہفتے اور جئی کو تین ہفتے بعد دینا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ معیاری سبز چارے کے حصول سے جہاں کاشتکار بہتر منافع حاصل کر سکتے ہیں وہیں جانوروں کی صحت اور ان کے گوشت و دودھ کی پیداوار میں بھی زبردست اضافہ ممکن بنایاجا سکتاہے۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت کا عملہ کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے جبکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی و مشاورت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔








