برسیم کی فصل کے بعدچاول اور گندم کی پیداوا ر میں فی ایکڑ اضافہ کیاجاسکتا ہے، ماہر ین زراعت

فیصل آباد۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):برسیم کی فصل کے بعد چاول کی کاشت کی صورت میں پیداوار میں 5 سے 6من فی ایکڑ اضافہ کیاجاسکتاہے۔چاول کی کٹائی کے بعد اسی کھیت میں گندم کی فصل کاشت کرکے بھی 2سے 3 من فی ایکڑ اضافی گندم بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ماہر ین زراعت کے مطابق برسیم کا شمارموسم ربیع کے چارہ جات میں کیا جاتاہے اور اسے ربیع کے چارہ …

فیصل آباد۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):برسیم کی فصل کے بعد چاول کی کاشت کی صورت میں پیداوار میں 5 سے 6من فی ایکڑ اضافہ کیاجاسکتاہے۔چاول کی کٹائی کے بعد اسی کھیت میں گندم کی فصل کاشت کرکے بھی 2سے 3 من فی ایکڑ اضافی گندم بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ماہر ین زراعت کے مطابق برسیم کا شمارموسم ربیع کے چارہ جات میں کیا جاتاہے اور اسے ربیع کے چارہ جات کا بادشاہ کہا جاتا ہے نیز برسیم کی 4 سے 6 کٹائیوں میں 40 سے 50 ٹن فی ہیکٹرپیداوار حا صل ہوتی ہے اور اس میں موجود کیلشیم اور وٹامنز دودھ کی پیداوار بڑھانے میں خاصے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ برسیم کی فصل کاشت کرنے سے زمین کے نامیاتی مادہ کی مقدارمیں اضافہ ہوتاہے اور زمین کے اندر نائٹروجن کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار چارہ برسیم کی کاشت اکتوبر کے آخر تک مکمل کریں اور برسیم کی منظور شدہ اقسام سرگودھا اگیتی، سرگودھا پچھیتی، فیصل آباد پچھیتی، سپر برسیم، انمول اور مصری قسم مسقاوی وغیرہ کاشت کریں۔

انہوں نے بتایاکہ برسیم اگیتی اور سپر برسیم جلد تیار ہو جانیوالی اقسام ہیں اور یہ 5سے6کٹائیاں دیتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ایک ایکڑ میں 90فیصد اگاؤ والا 6تا8کلوگرام بیج کھڑے پانی میں چھٹہ کریں اوردوسرا پانی بھی ہفتہ تا دس دن میں لگائیں تاکہ بہتر اگاؤ ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی کھیت میں برسیم کی کاشت پہلی بار کرنی ہوتو گزشتہ سال والے برسیم کے کھیت سے 5سے7من مٹی لا کر زمین میں اچھی طرح ملائیں کیونکہ اس عمل سے بیج کو جراثیمی ٹیکہ لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ بیج کو جراثیمی ٹیکہ لگانے کا طریقہ یہ ہے کہ ایک لیٹر پانی میں 100گرام چینی یا 200گرام گڑ کا محلول تیار کریں اوراس محلول میں جراثیمی پیکٹ ڈال کر برسیم کے بیج پر چھڑکاؤ کریں۔انہوں نے کہاکہ بیج کو سایہ دار جگہ پر خشک کرلیں اور بعد میں کھیت میں کھڑے پانی میں چھٹہ کریں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کی تیاری کے وقت ایک بوری ڈی اے پی اور آدھی بوری پوٹاش کھاد فی ایکڑ استعمال کرنے سے برسیم کی زیادہ کٹائیوں سے 1000سے 1200من فی ایکڑ پیداوارحاصل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگیتی کاشتہ برسیم پر امریکن سنڈی، لشکری سنڈی اور چست تیلہ حملہ آور ہوتے ہیں اور پیداوار میں نقصان کا باعث بنتے ہیں لہٰذاان نقصان رساں کیڑوں کے بروقت تدارک کے لیے ایمامیکٹن یا میچ یا رنربحساب 200ملی لیٹر فی ایکڑ استعمال اور زہر سپرے کرنے کے بعد ایک ہفتہ تک چارہ کاٹ کر جانوروں کونہ کھلایاجائے