بزرگوں کا احترام ہماری ثقافتی اور مذہبی اقدار کا بنیادی حصہ ہے ، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کا معمر افراد کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بزرگوں کا احترام ہماری ثقافتی اور مذہبی اقدار کا بنیادی حصہ ہے اور بحیثیت معاشرہ ان اقدار کی پاسداری ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ جمعرات کو جاری پیغام میں وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ معمر افراد کے عالمی دن کے موقع پر ہم اپنے بزرگ شہریوں کو خراجِ تحسین پیش …

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بزرگوں کا احترام ہماری ثقافتی اور مذہبی اقدار کا بنیادی حصہ ہے اور بحیثیت معاشرہ ان اقدار کی پاسداری ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

جمعرات کو جاری پیغام میں وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ معمر افراد کے عالمی دن کے موقع پر ہم اپنے بزرگ شہریوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جن کی بصیرت، تجربہ اور زندگی بھر کی خدمات ہمارے خاندانوں اور معاشرے کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں۔ حکومتِ پاکستان معمر افراد کے حقوق، وقار اور فلاح و بہبود کے تحفظ اور ایسے ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے جہاں وہ تحفظ، نگہداشت اور احترام کے ساتھ عمر گزار سکیں۔

اس حوالے سے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری سینئر سٹیزنز ایکٹ 2021 ایک اہم قانونی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہماری ذمہ داری محض قانون سازی تک محدود نہیں۔ خاندانوں، معاشرے، سرکاری اداروں اور سول سوسائٹی کو مل کر اس امر کو یقینی بنانا ہوگا کہ معمر افراد معاشرے میں قدر و احترام، معاونت اور شمولیت کے ساتھ زندگی بسر کریں۔ ان کے وقار، فلاح و بہبود اور باعزت زندگی گزارنے کے حق کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ترجیح ہونی چاہیے۔