بلاول بھٹو جمہوری سیاست کی نئی نسل کی توانا آواز ہیں، شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری جمہوری سیاست کی نئی نسل کی توانا آواز اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جمہوری مشن کے علمبردار ہیں۔

حیدرآباد۔ 21 ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری جمہوری سیاست کی نئی نسل کی توانا آواز اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جمہوری مشن کے علمبردار ہیں۔ اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے کم عمر ترین وزیر خارجہ رہ چکے ہیں اور انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران متاثرین کی آواز عالمی سطح پر بلند کی۔ انہوں نے عالمی برادری کی توجہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کی جانب مبذول کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے بعد پاکستان کا مؤقف دنیا تک پہنچانے کے لیے بلاول بھٹو زرداری نے وفد کی قیادت کی اور عالمی دارالحکومتوں میں پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان کے امن اور مذاکرات کے مؤقف کو بھی عالمی برادری کے سامنے پیش کیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ عوام کے سیاسی اور معاشی حقوق بلاول بھٹو زرداری کی جدوجہد کا محور ہیں، جبکہ وہ جمہوریت، آئین اور عوام کے حقِ حکمرانی کی آواز ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کے وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔