بلاول بھٹو زرداری کا سانحۂ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحۂ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہےجب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر دہشت گردی کے ذریعے انہیں نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کی گئی تاہم ان کے استقبال کے لیے آنے والےجیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنی قائد کی …

کراچی / اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحۂ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہےجب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر دہشت گردی کے ذریعے انہیں نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش کی گئی تاہم ان کے استقبال کے لیے آنے والےجیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے اپنی قائد کی حفاظت کی اور جمہوریت و عوام کے حقِ حکمرانی سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا بے مثال عملی ثبوت دیا۔

ہفتہ کومیڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہداء کا لہو گواہی دیتا ہے کہ دہشت گردی،انتہاپسندی اور تشدد جمہوریت کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں قومی تاریخ کا ایسا روشن باب ہیں جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن آئین کی بالادستی، عوام کی حکمرانی، مساوات، سماجی انصاف اور ایک پُرامن، خوشحال و ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اسی مشن پر کاربند رہتے ہوئے جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کے تحفظ اور عوام کے حقوق کی پاسداری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نےشہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہداء کی یاد جمہوریت، ثابت قدمی اور قربانی کے اس عہد کی تجدید ہے جسے آنے والی نسلیں بھی مشعلِ راہ بنائیں گی، ان کی قربانیاں ہمیشہ اس عزم کی یاد دلاتی رہیں گی کہ عوام کی حکمرانی اورجمہوری اقدار کے تحفظ کی جدوجہد جاری رہے گی۔