بلاول بھٹو زرداری کی انگولا میں انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن ورلڈ کپ میں پاکستانی فائٹر منیشہ علی کی شاندار کامیابی پر مبارکباد

پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انگولا میں منعقدہ انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (آئی ایم ایم اے ایف) ورلڈ کپ میں پاکستانی فائٹر منیشہ علی کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرزمینِ گلگت بلتستان کی بیٹی منیشہ علی نے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم سربلند کردیا۔

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انگولا میں منعقدہ انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (آئی ایم ایم اے ایف) ورلڈ کپ میں پاکستانی فائٹر منیشہ علی کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرزمینِ گلگت بلتستان کی بیٹی منیشہ علی نے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم سربلند کردیا۔ پی پی پی میڈیا سیل کی جانب سے جاری تہنیتی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ منیشہ علی کی کامیابی صرف ایک گولڈ میڈل نہیں، پاکستان کی بیٹیوں کے عزم، حوصلے اور صلاحیت کی عالمی پذیرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں بالخصوص خواتین کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے مزید مواقع اور عالمی معیار کی تربیتی سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ منیشہ علی کی کامیابی پاکستان کے کھیلوں کے روشن مستقبل اور خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کا امید افزا پیغام ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں ہر میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا شہید بینظیر بھٹو کے خواب کا بنیادی حصہ تھا،منیشہ علی کی عالمی کامیابی اس خواب کی تکمیل کی جانب ایک خوبصورت قدم ہے جس میں پاکستان کی ہر بیٹی کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے برابر مواقع حاصل ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری نے منیشہ علی، ان کے والدین، کوچز اور پاکستان کی پوری ایم ایم اے فیملی کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

 

مزید خبریں