بلند پایہ شاعر، ممتاز صحافی سید محمد مہدی المعروف رئیس امروہوی کی38 ویں برسی منائی گئی

بلند پایہ شاعر، ممتاز صحافی سید محمد مہدی المعروف رئیس امروہوی کی38 ویں برسی منائی گئی

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):بلند پایہ شاعر، ممتاز صحافی سید محمد مہدی المعروف رئیس امروہوی کی38 ویں برسی منگل 22 ستمبر کومنائی گئی۔ وہ 12 ستمبر 1914 کو بھارتی ریاست یوپی کے شہر امروہہ کے علمی و ادبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔وہ 1936 میں صحافت سے وابستہ ہوئے اور ابتدا میں امروہہ کے اخبارات قرطاس اور مخبر عالم کی ادارت کی۔ بعد ازاں انہوں نے روزنامہ جدت (مرادآباد)کے مدیر اعلیٰ کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔ واضح رہے کہ رئیس امروہی ، سید محمد تقی اور جون ایلیا کے بڑے بھائی تھے۔ رئیس امروہی تقسیم ہند کے بعد 19 اکتوبر 1947کو ہجرت کر کے کراچی منتقل ہو گئے اور روزنامہ جنگ سے منسلک ہو گئے۔رئیس امروہی کی ادارت میں جنگ پاکستان کاسب سے کثیرالاشاعت روزنامہ بن گیا۔صحافتی کالمزکے علاوہ رئیس امروہی کے قصائد، نوحے اور مثنویاں اردو ادب کا بیش بہا خزانہ ہیں۔

نثر میں انہوں نے نفسیات و فلسفہ روحانیت کو موضوع بنایااور پاکستان میں اردو زبان کے فروغ کے لئے نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے قطعہ نگاری کے منفرد انداز سے شہرت حاصل کی۔ رئیس امروہی نے مابعد الطبیعات، مراقبے اوریوگا پربھی متعدد تصانیف تحریر کیں ۔انہوں نے ’’رئیس اکیڈمی‘‘ کے قیام سے لوگوں کی جذباتی اور اخلاقی فلاح و بہبود میں بھی مدد فراہم کی۔ رئیس امروہی 22 ستمبر 1988 کو جہان فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کی برسی کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں اور تنظیموں کی جانب سے تقریبات کا انعقاد کیا گیااور ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔