بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ‘خوارج’ کے خلاف خفیہ معلومات پر مبنی کامیاب آپریشنز کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا، آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 11 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔ وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر نے ہفتہ کو اپنے بیان میں دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور آپریشنز کے دوران ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف بھی کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن کے دوران پانچ خوارج کو ہلاک کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں ایک اور کارروائی کے دوران مزید چھ خوارج مارے گئے۔وزیرِ داخلہ نے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے ان بہادر جوانوں پر فخر ہے جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی میں ان کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری مہم میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن و استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں کو مضبوط بنانے میں عوامی حمایت ایک اہم عنصر ہے۔

وزیرِ داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی حمایت اور سکیورٹی فورسز کی مسلسل کوششوں سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گرد عناصر کو شکست دینے اور تمام علاقوں میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔