بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا کریک ڈائون، 21 ستمبر سے اب تک بھارت کے حمایت یافتہ 33 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے بھارت کے حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف جامع انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے دوران 21 ستمبر سے اب تک 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔

راولپنڈی ۔25ستمبر (اے پی پی):بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے بھارت کے حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خلاف جامع انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے دوران 21 ستمبر سے اب تک 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 24 ستمبر کو’’آپریشن شعبان‘‘کے تسلسل میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی مزید پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں بھارت کے زیر سرپرستی کام کرنے والے مزید 5 خوارج ہلاک ہوئے جس سے اس مخصوص کارروائی میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 22 تک پہنچ گئی۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے سے دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن بدستور جاری رہے گا۔ترجمان کے مطابق ایک اور کارروائی کے دوران 25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جہاں فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔آئی ایس پی آر نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ”عزم استحکام“ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف بلا تفریق مہم پوری قوت اور رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔

مزید خبریں