بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 19 دہشت گرد ہلاک، نائب صوبیدار محمد جمیل شہید، آئی ایس پی آر
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 19 دہشت گرد ہلاک، نائب صوبیدار محمد جمیل شہید، آئی ایس پی آر

مزید خبریں
راولپنڈی۔23ستمبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مؤثر کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم مجموعی طور پر 19 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں مادرِ وطن کا ایک بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں سکیورٹی فورسز کا 21 ستمبر سے انٹیلی جنس بیسڈ کلیئرنس آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر کے کلیئر کر دیئے جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 13 دہشت گرد مارے گئے۔ کلیئر کئے گئے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔دریں اثنا ء سکیورٹی فورسز نے 22 اور 23 ستمبر کو ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مزید کارروائیاں کیں جن کے دوران شدید جھڑپ میں مزید 6 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن عزیز کے دفاع میں بہادری سے لڑتے ہوئے 39 سالہ نائب صوبیدار محمد جمیل شہید ہو گئے۔
شہید نائب صوبیدار کا تعلق تونسہ شریف، ضلع ڈیرہ غازی خان سے تھا۔ آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ ‘عزمِ استحکام’ کے وژن کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی پشت پناہی رکھنے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔







