وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیاب کارروائیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں
بلوچستان میں 96 گھنٹوں کے دوران 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک، کارروائیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، طارق فضل چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیاب کارروائیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران 71 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ ہماری بہادر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور بے مثال قربانیوں کا ثبوت ہے۔اتوار کو ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو کلیئر کر کے مقامی آبادی کو دہشت گردی کے خطرے سے محفوظ بنانا قابلِ تحسین اقدام ہے،پاکستان کی سرزمین سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ قومی عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بھرپور قوت اور پختہ عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے امن، سلامتی اورخودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کو سلام۔







