وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے بلوچستان کے ممتاز سیاسی و قبائلی رہنما سردار اکبر خان خروٹی خلجی نے اہم ملاقات کی ہے
بلوچستان کے ممتاز سیاسی و قبائلی رہنما سردار اکبر خان خروٹی خلجی کی وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے اہم ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے بلوچستان کے ممتاز سیاسی و قبائلی رہنما سردار اکبر خان خروٹی خلجی نے اہم ملاقات کی ہے۔ خروٹی قبائل کے چیف سردار اکبر خان نے مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ملاقاتوں میں بلوچستان کو درپیش مسائل، قومی و علاقائی مشکلات، بپر تفصیلی بات چیت کی گئی۔سردار اکبر خان خروٹی نے بلوچستان کی سیاسی و امن و امان کی صورت حال سے مسلم لیگی راہنماوں کو بریف کیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین اور مسلم لیگ ماضی کی طرح بلوچستان کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں ۔سردار اکبر خان خروٹی نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین محب وطن سیاستدان ہیں، وہ بلوچستان کے زخموں پر مرحم رکھنے کے لیے آگے بڑھیں، چوہدری شجاعت حسین بلوچستان میں امن اور سیاسی استحکام کے لیے کردار ادا کریں۔ سردار اکبر خان خروٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی نظریں قومی راہنماوں کی جانب ہیں، سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ ملاقات کے دوران چوہدری سالک حسین نے مسائل کے حل کی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے دل بلوچستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں ،چوہدری شجاعت حسین تک آپ کا پیغام پہنچاوں گا۔ مصطفیٰ ملک نے کہا کہ بلوچستان میں سکیورٹی اداروں، مسافروں اور مزدوروں کو نشانہ بنانا بزدلانہ فعل ہے۔







