وزیر اعظم کے مشیر برائے یوتھ رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں گی جبکہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے حکومت مکمل معاونت کرے گی۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے تعاون سے چھوٹے کاروبار اور نئے کاروباری منصوبوں کے فروغ کے لیے بھی کام کیا …
بلوچستان کے نوجوانوں کو یوتھ حب کے ذریعے کاروباری مواقع فراہم کریں گے، رانا مشہود احمد خان

مزید خبریں
کوئٹہ۔18اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے یوتھ رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں گی جبکہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے حکومت مکمل معاونت کرے گی۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے تعاون سے چھوٹے کاروبار اور نئے کاروباری منصوبوں کے فروغ کے لیے بھی کام کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں چیمبر کے عہدیداران اورممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر احمد گل کاکڑ سمیت دیگر عہدیداران اورممبران بھی موجود تھے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وہ چیمبر کےعہدیداران اور ممبران کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کوششیں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے اقدامات اور پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گاجبکہ صوبے میں عوام کو سہولیات کی فراہمی اور عملی اقدامات کےذریعے بہتری لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف)، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (بی آر ایس پی) اور سمیڈا سمیت مختلف اداروں کو شراکت دار بنایا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ دنیا بھر میں نوجوانوں کو پیداواری روزگار فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ وزیر اعظم یوتھ حب میں اب تک 9 لاکھ نوجوان رجسٹرڈ اور 24 سو کمپنیاں ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے بلوچستان کے بچوں اور بچیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ صوبے کے نوجوان وزیر اعظم یوتھ پروگرام سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے لیے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں، اور اس مقصد کے لیے انہیں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مدد آپ کے تحت آگے بڑھنا ہوگا، کیونکہ ترقی کے لیے خود انحصاری اور مقامی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ضروری ہے۔
چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر چھوٹے کاروبار اور نئے اسٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔وزیر اعظم کے مشیر نے مزید بتایا کہ نیشنل والنٹیئر کور قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جبکہ بلوچستان میں آفات کے خطرات سے نمٹنے اور ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کے حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ذریعے نوجوانوں کی تربیت اور تیاری کے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مسائل اور تجاویز تحریری شکل میں حکومت کو پیش کریں تاکہ ان سفارشات کی روشنی میں عملی اقدامات کیے جا سکیں۔







