بلیو اکانومی سے پاکستان اربوں ڈالر زرمبادلہ کما سکتا ہے، میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی غیر استعمال شدہ بلیو اکانومی کی صلاحیت سے اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے ۔

لاہور۔19جولائی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی غیر استعمال شدہ بلیو اکانومی کی صلاحیت سے اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے ۔ اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ہزار کلومیٹر سے زائد ساحلی پٹی، کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر جیسی اہم بندرگاہوں کے باوجود پاکستان کی سمندری معیشت اپنی حقیقی صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہی گیری، شپنگ، لاجسٹکس، جہاز سازی، ساحلی سیاحت، آف شور توانائی اور میری ٹائم سروسز ملکی برآمدات، روزگار اور صنعتی ترقی کے بڑے ذرائع بن سکتے ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی تقریبا 95 فیصد سمندری تجارت غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کے ذریعے ہوتی ہے جس کے باعث ہر سال تقریبا5 ارب ڈالر فریٹ کی مد میں بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی شپنگ انڈسٹری کو فروغ دے کر نہ صرف زرمبادلہ بچایا جا سکتا ہے بلکہ پاکستان کو علاقائی لاجسٹکس اور ٹرانس شپمنٹ مرکز بھی بنایا جا سکتا ہے۔