بچوں کی صحت کے شعبے میں جدید تحقیق، موثر تشخیص اور معیاری علاج کا فروغ صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے،سید یوسف رضا گیلانی

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بچوں کی صحت کے شعبے میں جدید تحقیق، موثر تشخیص اور معیاری علاج کا فروغ صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے۔ وہ جمعہ کو مقامی ہوٹل میں 28ویں دو سالہ بین الاقوامی کانفرنس برائے اطفال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بچوں کی صحت کے شعبے میں جدید تحقیق، موثر تشخیص اور معیاری علاج کا فروغ صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے۔ وہ جمعہ کو مقامی ہوٹل میں 28ویں دو سالہ بین الاقوامی کانفرنس برائے اطفال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کی وفاقی شاخ کے زیر اہتمام تین روزہ کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی ماہرینِ اطفال بچوں کی صحت سے متعلق جدید تحقیق، بیماریوں کی تشخیص اور علاج کے موثر طریقوں پر تبادلۂ خیال کر رہے ہیں۔ منتظمین کے مطابق کانفرنس میں 5 ہزار سے زائد ڈاکٹرز اور ماہرینِ اطفال کی شرکت متوقع ہے۔ ’’اگلی نسل کے لیے بچوں کی صحت: تحقیق سے معیار تک‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی یہ کانفرنس دس سال کے وقفے کے بعد اسلام آباد میں منعقد کی جا رہی ہے اور 18 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

کانفرنس کے پہلے روز حفاظتی ٹیکہ جات اور بچوں میں بیماریوں کی روک تھام کے موضوعات پر سیشنز منعقد ہوئے جن میں ماں کے دودھ کی اہمیت، ویکسین سے متعلق ہچکچاہٹ پر قابو پانے، میننگوکوکل بی بیماری کے خطرات اور انسانی پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) سے بچائو کی ویکسین پر روشنی ڈالی گئی۔ ماہرین نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کی ویکسینیشن کے حوالے سے مائوں کے شعور اور رویوں پر تحقیقی مقالہ بھی پیش کیا۔ یونیسف کے ماہرین سمیت ممتاز ملکی طبی ماہرین نے نومولود اور کم سن بچوں کی جانیں بچانے کیلئے کمیونٹی کی سطح پر اقدامات اور حفاظتی تدابیر کی اہمیت اجاگر کی۔ کانفرنس کے آئندہ سیشنز میں بچوں کے نظامِ انہضام، انتہائی نگہداشت، ہارمونز سے متعلق امراض، خون اور سرطان کی بیماریوں اور متعدی امراض پر غور کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ بچوں کے علاج سے متعلق قومی طبی رہنما اصولوں کا جائزہ بھی لیا جائے گا جن میں مرگی کے شدید دورے، اپینڈکس کی سوزش، سیپٹک شاک، زرعی زہروں کے اثرات اور ذیابیطس کی سنگین پیچیدگیوں کا علاج شامل ہے۔ پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کی وفاقی شاخ کے صدر اور کانفرنس کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مقبول حسین نے کہا کہ کانفرنس ملکی اور بین الاقوامی ماہرین کو بچوں کی صحت کے اہم مسائل پر غور و خوض اور جدید طبی تحقیق کے تبادلے کیلئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو جدید تحقیق کی بنیاد پر معیاری علاج کی سہولت ملنی چاہیے۔

کانفرنس کی انتظامی کمیٹی کے شریک چیئرمین اور چیف میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر راجہ محمد عمران نے کہا کہ ملک بھر سے ڈاکٹرز کی بھرپور شرکت بچوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے طبی برادری کے عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کی سفارشات مستقبل کی صحت پالیسی کی تشکیل میں معاون ثابت ہوں گی۔ منتظمین کے مطابق کانفرنس کا مقصد بچوں کی صحت کے شعبے میں جدید سائنسی پیش رفت، طبی ٹیکنالوجی اور بیماریوں کی تشخیص و علاج سے متعلق معلومات کا تبادلہ اور قابلِ عمل سفارشات مرتب کرنا ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر بچوں کی صحت سے متعلق نئی طبی رہنما ہدایات اور پالیسی سفارشات مرتب کرکے متعلقہ حکومتی اداروں کو پیش کی جائیں گی۔

مزید خبریں