بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی کے دوران سالانہ بنیاد پر 3 فیصد اضافہ ،ماہانہ 9.5 فیصد اضافہ ہوا،ادارہ شماریات

بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی کے دوران سالانہ بنیاد پر 3 فیصد اضافہ ،ماہانہ 9.5 فیصد اضافہ ہوا،ادارہ شماریات

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):ملک میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی 2026ء کے دوران سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد جبکہ ماہانہ بنیادوں پر9.5 فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ پاکستان بیورو برائے شماریات ( پی بی ایس) کی جانب سے بڑی صنعتوں کی پیداوار (ایل ایس ایم آئی) کے حوالے سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق جولائی 2026ء میں بڑی صنعتوں کی پیداوار کا اشاریہ 119.1 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جولائی کے 115.6 پوائنٹس کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق جون 2026ء کے مقابلے میں جولائی کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ماہانہ بنیادوں پر 9.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی کے دوران کوئلہ اور پٹرولیم کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 1.34 فیصد، ویئرنگ ایپرل کی پیداوار میں 22.03 فیصد، غیر دھاتی معدنیات کی پیداوار میں 4.25 فیصد، آٹوموبائل کی پیداوار میں 57.01 فیصد ، تمباکو کی پیداوار میں 35.82 فیصد، برقی آلات کی پیداوار میں 7.68 فیصد، لیدر گارمنٹس کی پیداوار میں 0.73 فیصد ، ٹرانسپورٹ آلات کی پیداوار میں 40.22 فیصد، فرنیچر کی پیداوار میں 10.10 فیصد جبکہ فیبریکیٹڈ میٹلز کی پیداوار میں 13.55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے برعکس جولائی کے دوران ٹیکسٹائل کی پیداوار میں 3.09 فیصد، خوراک کی پیداوار میں 6.39 فیصد، کیمیکل کی پیداوار میں 6.19 فیصد ، فارماسیوٹیکل کی پیداوار میں 20.79 فیصد، کوک کی پیداوار میں 4.71 فیصد، آئرن اینڈ سٹیل کی پیداوار میں 11.40 فیصد جبکہ پیپر اینڈ بورڈ کی پیداوار میں 4.26 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔