
نئی دہلی۔3اکتوبر (اے پی پی):بھارت اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیو مادھوراؤ سندھیا کرکٹ سٹیڈیم، گوالیار میں کھیلا جائے گا۔اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان بھارتی ٹیم نے مہمان بنگلہ دیشی کی ٹیم کو کلین سویپ کیا تھا۔
بھارت نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیشی کو 280رنز جبکہ دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ٹیسٹ سیریز مکمل ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 6 اکتوبر کو پہلے میچ سے ہوگا جو نیو مادھوراؤ سندھیا کرکٹ سٹیڈیم، گوالیار میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا ٹی ٹونٹی 9 اکتوبر کو ارون جیٹلی سٹیڈیم ،نئی دہلی میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 12 اکتوبر کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم ،حیدر آباد میں کھیلا جائے گا۔ٹی ٹونٹی سیریز میں بنگلہ دیشی ٹیم کو نجم الحسن شانٹو لیڈ کریں گے جبکہ میزبان بھارتی ٹیم کی قیادت مایہ ناز بلے باز سوریا کماریادو کریں گے۔