بھکر ،زرعی ادویات فروخت کرنے والے صرف معیاری اور رجسٹرڈ ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائیں

اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن محکمہ زراعت تحصیل دریاخان بلال احمد نے دلےوالا میں کاشتکاروں اور پیسٹی سائیڈ ڈیلرز کے الگ الگ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مونگی، تل اور گوارہ کی فصلوں پر مختلف نقصان دہ کیڑوں اور بیماریوں کے حملوں کا خدشہ موجود ہے

بھکر۔ 27 جولائی (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن محکمہ زراعت تحصیل دریاخان بلال احمد نے دلےوالا میں کاشتکاروں اور پیسٹی سائیڈ ڈیلرز کے الگ الگ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مونگی، تل اور گوارہ کی فصلوں پر مختلف نقصان دہ کیڑوں اور بیماریوں کے حملوں کا خدشہ موجود ہے، لہٰذا کاشتکار فصلوں کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق بروقت تدارکی اقدامات کریں۔انہوں نے کاشتکاروں کو مختلف نقصان دہ کیڑوں اور بیماریوں کی شناخت، مناسب زرعی ادویات کے انتخاب، درست مقدار کے استعمال اور سپرے کے محفوظ طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی ادویات کا محلول مکمل احتیاط کے ساتھ اچھی طرح مکس کیا جائے اور بہتر نتائج کے لیے سپرے شام کے اوقات میں کیا جائے تاکہ دوا کا زیادہ سے زیادہ اثر برقرار رہے۔بعد ازاں پیسٹی سائیڈ ڈیلرز سے خطاب کرتے ہوئے بلال احمد نے کہا کہ زرعی ادویات فروخت کرنے والے صرف معیاری اور رجسٹرڈ ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ غیر معیاری، جعلی یا مشکوک زرعی ادویات فروخت کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کریں اور ایسی کسی بھی سرگرمی کی فوری اطلاع محکمہ زراعت کو دیں تاکہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ڈیلرز اپنا اسٹاک رجسٹر، ڈیلرشپ دستاویزات اور خرید و فروخت کی انوائسز مکمل اور اپ ٹو ڈیٹ رکھیں، جبکہ کسی بھی صورت میں ایکسپائری زرعی ادویات فروخت نہ کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کسانوں کو معیاری زرعی مداخل کی فراہمی اور فصلوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا