سیالکوٹ۔ 31 دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے بہاریہ سورج مکھی کی فصل سے بہتر پیداوار اور معیاری تیل کے حصول کے لیے آبپاشی کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ رانا سلیم شاد نے کہا کہ بہاریہ سورج مکھی کے کاشتکار بروقت اور مناسب آبپاشی کو یقینی بنائیں تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور تیل کے معیار میں بہتری …
بہاریہ سورج مکھی کی بہتر پیداوار کے لیے آبپاشی کا شیڈول جاری
سیالکوٹ۔ 31 دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے بہاریہ سورج مکھی کی فصل سے بہتر پیداوار اور معیاری تیل کے حصول کے لیے آبپاشی کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ رانا سلیم شاد نے کہا کہ بہاریہ سورج مکھی کے کاشتکار بروقت اور مناسب آبپاشی کو یقینی بنائیں تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور تیل کے معیار میں بہتری ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کی فصل میں آبپاشی کے چند اہم مراحل ہوتے ہیں جن پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔
رانا سلیم شاد کے مطابق سورج مکھی کی فصل میں بیجوں کے اگاؤ، پھول نکلنے اور بیج بننے کے مراحل انتہائی اہم ہوتے ہیں، ان مراحل کے دوران پانی کی کمی فصل کی پیداوار اور معیار پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بہاریہ سورج مکھی کو پہلی آبپاشی روئیدگی مکمل ہونے کے فوراً بعد کرنی چاہیے تاکہ بیج کا اگاؤ بہتر ہو۔
دوسری آبپاشی پہلی آبپاشی کے 20 سے 25 دن بعد کی جاتی ہے جس سے پودوں کی ابتدائی نشوونما بہتر ہوتی ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ پھول نکلنے کے دوران آبپاشی نہایت اہم ہے کیونکہ یہ مرحلہ فصل کی پیداوار کے لیے فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔ اسی طرح بیج بننے کے دوران مناسب مقدار میں پانی فراہم کرنے سے نہ صرف بیج کا وزن بڑھتا ہے بلکہ تیل کا معیار بھی نمایاں طور پر بہتر ہوتا ہے۔









