بہاولپور ڈویژن میں زیادہ سے زیادہ گندم کی کاشت کے لیے محکمہ زراعت توسیع کے افسران وعملہ فیلڈ میں متحرک ہوں، کمشنر بہاولپور ڈویژن

بہاولپور۔ 22 نومبر (اے پی پی):کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے کہا ہے کہ وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق بہاولپور ڈویژن میں زیادہ سے زیادہ گندم کی کاشت کے لیے محکمہ زراعت توسیع کے افسران وعملہ فیلڈ میں متحرک ہوں اور زیادہ گندم اُگاؤ مہم کے سلسلہ میں کسانوں کی رہنمائی کریں تاکہ زیادہ گندم کاشت کر کے فی ایکٹرپیدا وار میں اضافہ کو یقینی …

بہاولپور۔ 22 نومبر (اے پی پی):کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے کہا ہے کہ وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق بہاولپور ڈویژن میں زیادہ سے زیادہ گندم کی کاشت کے لیے محکمہ زراعت توسیع کے افسران وعملہ فیلڈ میں متحرک ہوں اور زیادہ گندم اُگاؤ مہم کے سلسلہ میں کسانوں کی رہنمائی کریں تاکہ زیادہ گندم کاشت کر کے فی ایکٹرپیدا وار میں اضافہ کو یقینی بنا کر غذائی خود کفالت اور ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیادہ گندم اُگاؤ مہم کے سلسلہ میں پانچویں اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق، ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد جمیل غوری، چیف انجینئر ایریگیشن، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد شفیق، ڈائریکٹر کراپ رپورٹنگ سروس اسلام شاہ جبکہ ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار احمد بھون اور دونوں اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے کہا کہ محکمہ زراعت، ریونیو کے افسران و عملہ سرکاری و پرائیویٹ زمینوں پر زیادہ گندم کاشت کرنے سے متعلق کسانوں کو آگاہی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران و عملہ اور زرعی گریجو یٹ فیلڈ میں کسانوں کو سرٹیفائیڈ بیجوں اور کھادوں کے متناسب استعمال سے متعلق بھی زیاد ہ سے زیادہ آگاہی فراہم کریں تا کہ مطلو بہ اہداف کی تکمیل کو یقینی بنا یا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کو زراعت کے شعبہ کی بہتری کے حکومتی فلا حی اقدامات سے متعلق بھی معلومات فراہم کی جائیں تاکہ وہ ان سے مستفید ہو سکیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد جمیل غوری نے کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں کو بریفنگ دیتے ہو ئے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن میں 23 لاکھ 96 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت ہو چکی ہے جبکہ محکمہ زراعت پنجاب نے بہاولپور ڈویژن کو 26 لا کھ 83 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ٹارگٹ دیا ہے۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی کہ اس ٹارگٹ کو فی الفور مکمل کیا جائے جبکہ ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ چولستان میں زیادہ سے زیادہ رقبے پر گندم کی کاشت کو یقینی بنائیں۔

کمشنر مسرت جبیں نے بتا یا کہ ضلع میں بیجوں اور کھادوں کا وافر مقدار میں سٹاک مو جود ہے اور محکمہ زراعت توسیع کے افسران و عملہ گندم کی بیجا ئی کے سلسلہ میں کسانوں کی رہنما ئی کر رہا ہے۔